راولپنڈی (آئی پی ایس) رواں سال کے پہلے دس ماہ میں کتنے غیر قانونی افغان مہاجرین کو وطن واپس بھیجا گیا ، تفصیلات سامنے آگئیں ۔
دستاویزات کے مطابق راولپنڈی سے رواں سال کے پہلے دس ماہ کے دوران مجموعی طور پر 3 ہزار 942 غیر قانونی افغان باشندوں کو وطن واپس بھیجا گیا۔
دستاویزات کے مطابق 3 ہزار 216 غیر دستاویزی افغان شہریوں کو شناختی کاغذات نہ ہونے پر واپس بھیجا گیا، جبکہ ویزہ کی مدت ختم ہونے پر 242 افغان شہریوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔ مزید برآں، 22 کارڈ ہولڈر افغان باشندے بھی وطن واپس جاچکے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق 671 افراد اے سی سی کارڈ ہولڈر جبکہ 1 ہزار 408 افراد پی او آر کارڈ ہولڈر تھے۔پولیس اور ضلعی
انتظامیہ کی کارروائیوں کے دوران کل 5 ہزار 583 افغان باشندوں کو حراست میں لیا گیا، جن میں سے 1 ہزار 57 افراد کی تصدیق کے بعد رہائی عمل میں لائی گئی۔دستاویزات کے مطابق ہولڈنگ سینٹر میں اس وقت 584 افغان باشندے زیرِ حراست ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

