اسلام آباد(سب نیوز)معروف عالمی کوہ پیما ساجد سدپارہ نے کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ کے زیر اہتمام چیئرمین کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ احسن ظفر بختاوری کے ہمراہ اسلام آباد کے جی سیون (ستارہ مارکیٹ)اور آئی-ایٹ مرکزمیں شجرکاری مہم کے دوران پودا لگا یا ۔ اس موقع پر کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ کی جانب سے دونوں تجارتی مراکز میں ڈسٹ بنز کی تنصیب بھی کی گئی، تاکہ صفائی اور کچرے کے بہتر انتظام کو یقینی بنایا جا سکے،اس موقع پر ایک بڑی آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ دونوں تجارتی مراکز کی تاجر برادری نے بھی بھرپور شرکت کی اور صفائی ستھرائی کے عمل کو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر صدر جی سیون مرکز ستارہ مارکیٹ سید الطاف حسین شاہ۔جنرل سیکر ٹری رانا محمد اکرم، صدر آئی-ایٹ مرکز چوہدری وحید چیمہ ، جنرل سیکر ٹری آئی-ایٹ مرکز رانا محمد بلال،چیئرمین آئی-ایٹ مرکز یاسر جمیل عباسی، سرپرست اعلی ابرار حسین بھٹی ،خالد چوہدری،نثار مرزا، چوہدری اشرف فرزند،احمد خان، رئیس عباسی ،حافظ عابد، تراب احمد عباسی، اعجاز احمد،زعفران میر،رضا احمد عباسی، محمد فیاض اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما ساجد سدپارہ نے کہا کہ صفائی اور شجرکاری دونوں ہماری بقا کے ضامن ہیں۔ جس طرح پہاڑوں کی بلندیوں پر چڑھتے وقت ہمیں صاف ماحول اور قدرتی حسن سے توانائی ملتی ہے، اسی طرح شہروں میں بھی صاف اور سرسبز ماحول ہماری نسلوں کے لیے ضروری ہے۔ آج یہ پودا لگانا ایک علامت ہے کہ ہم سب مل کر ماحول کے تحفظ کی ذمہ داری اٹھائیں۔احسن ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق اسلام آباد کو صاف، سرسبز اور صحت مند شہر بنانے کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ تاجروں، طلبا، شہریوں اور اداروں کو ساتھ ملا کر ایک قومی تحریک کی صورت اختیار کر چکی ہے۔
سید الطاف حسین شاہ نے کہا کہ تاجر برادری صفائی اور شجرکاری مہم میں ہمیشہ کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ ہم سب کی مشترکہ کوششیں ہی ہمارے شہر کو مثالی بنا سکتی ہیں۔رانا محمد اکرم کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے، اس پر عمل پیرا ہو کر ہم اسلام آباد کو نہ صرف خوبصورت بلکہ دوسروں کے لیے بھی ایک ماڈل بنا سکتے ہیں۔چوہدری وحید چیمہ نے کہا کہ شہریوں کو اس مہم کا حصہ بننے کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔ جب تک عوام شامل نہیں ہوں گے، صفائی اور شجرکاری کی کوئی مہم دیرپا کامیابی حاصل نہیں کر سکتی۔رانا محمد بلال نے کہا کہ ہم تاجر اپنی کمیونٹی میں اس پیغام کو عام کریں گے کہ صفائی اور سرسبز ماحول ہماری اولادوں کے مستقبل کی ضمانت ہے۔یاسر جمیل عباسی نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف ماحولیات کے تحفظ کے لیے اہم ہے بلکہ یہ اسلام آباد کے شہریوں کے لیے ایک صحت مند طرزِ زندگی کی طرف قدم ہے۔ابرار حسین بھٹی نے کہا کہ کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ نے جو آغاز کیا ہے، وہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک تحفہ ہے۔ یہ تحریک ہمارے معاشرتی اور مذہبی اقدار کے عین مطابق ہے۔دیگر مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد کو صاف، سرسبز اور خوبصورت بنانے کے لیے تمام ادارے، تاجر برادری اور عوام مل کر کام کریں گے اور یہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
