Tuesday, May 5, 2026
ہومبریکنگ نیوزکرپشن و غیر قانونی بھرتیوں کا معاملہ، ایف آئی اے کا پی اے آر سی ہیڈ آفس پر رات گئے چھاپہ، چیئرمین آفس سیل، تفصیلات سب نیوز پر

کرپشن و غیر قانونی بھرتیوں کا معاملہ، ایف آئی اے کا پی اے آر سی ہیڈ آفس پر رات گئے چھاپہ، چیئرمین آفس سیل، تفصیلات سب نیوز پر

اسلام آباد (ارمان یوسف )ایف آئی اے کا پی اے آر سی میں کرپشن اور غیر قانونی بھرتیوں کا ریکارڈ جلانے کی کوششوں پر چھاپہ، وفاقی تحقیقاتی ادارے اور پولیس کی ٹیم نے رات گئے پی اے آر سی ہیڈ آفس پر چھاپہ مارا، کارروائی کے دوران چیئرمین پی اے آر سی کا آفس سیل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتے کی درمیانی رات جبری رخصت پر بھجوائے گئے چئیرمین غلام محمد علی پی اے آر سی ہیڈ آفس میں اپنی ٹیم کے ساتھ موجود تھے ، اس دوران ایف آئی اے کو اطلاع ملی کہ پی اے آر سی میں کرپشن اور غیر قانونی بھرتیوں کا ریکارڈ جلایا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق اطلاع ملنے پر ایف آئی اے ٹیم نے پولیس کی نفری کے ہمراہ رات دس بجے پی اے آر سی ہیڈ آفس پر چھاپہ مارا۔چھاپے کے دوران جبری رخصت پر بھجوائے گئے غلام محمد علی ساتھیوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ایف آئی اے ٹیم نے فوری طور پر چیئرمین آفس کو تحویل میں لے کر اسے سیل کر دیا ۔ جبکہ غلام محمد علی کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق ابھی اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ غلام محمد علی کی طرف سے کرپشن اور غیر قانونی بھرتیوں کا کتنا ریکارڈ تلف کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ متعدد حلقے اس سے قبل ہی اس خدشے کا اظہار کر چکے تھے کی پی اے آر سی میں ریکارڈ جلانے کی کوشش کی جا سکتی ہے جس کی وجہ سے ایف آئی اے ٹیم بھی الرٹ تھی۔ دوسری طرف وزارت فوڈ سیکیورٹی نے بھی غلام محمد علی کا ساتھ دینے والے افسران کو طلب کر لیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔