Friday, May 8, 2026
ہومپاکستانایف بی آر کا نان فائلرز کیخلاف کارروائیاں یکم نومبر سے شروع کرنے کا اعلان

ایف بی آر کا نان فائلرز کیخلاف کارروائیاں یکم نومبر سے شروع کرنے کا اعلان

اسلام آباد (آئی پی ایس )فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کے چیئرمین راشد لنگڑیال نے اعلان کیا ہے کہ نان فائلرز کے خلاف کارروائیاں یکم نومبر کے بعد سے شروع ہوجائیں گی۔

راشد لنگڑیال نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انکم ٹیکس گوشواروں کی تعداد 40 لاکھ سے زیادہ ہوچکی ہے اور گزشتہ سال سے دگنی ہوچکی ہے۔چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع نہیں ہوگی۔انہوں نے خبردار کیا کہ ہمارے پاس نان فائلرز کا پورا ڈیٹا موجود ہے، نان فائلرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیوں کا آغاز نومبر سے ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایت ہے ٹیکس چور کو نہیں چھوڑنا۔

دوسری طرف ایف بی آرکو یکم جولائی سے 8 اکتوبر 2024 کے دورانیے میں 9 لاکھ 42 ہزار نئے ٹیکس فائلر مل گئے۔ایف بی آر حکام کے مطابق 8 اکتوبر تک 40 لاکھ 78 ہزار سے زائد افراد نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرا دیے ہیں۔حکام کے گزشتہ برس اسی دورانیے میں 20 لاکھ 67 ہزار گوشوارے جمع ہوئے تھے جبکہ اس بار جلدی فائلنگ کرنے والوں کی تعداد میں 20 لاکھ 11 ہزار کا اضافہ ہوا ہے۔ ایف بی آر حکام کے مطابق رواں مالی سال گوشواروں کے ساتھ 106 ارب سے زائد کا ٹیکس جمع ہوگیا ہے، مالی سال 2023 میں 63 لاکھ 54 ہزار گوشوارے جمع ہوئے تھے۔حکام کے مطابق یکم جولائی سے 8 اکتوبر تک 9 لاکھ 42 ہزار نئے فائلرز نے رجسٹریشن کرائی، گزشتہ سال کے اسی عرصے میں تقریبا 4 لاکھ نئے فائلر رجسٹر ہوئے تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔