ہومبریکنگ نیوزحکومت اور اپوزیشن کے درمیان بیک ڈور رابطے شروع ؟ حمایت اور مخالفت کے درمیان بڑا انکشاف

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بیک ڈور رابطے شروع ؟ حمایت اور مخالفت کے درمیان بڑا انکشاف

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ کے درمیان رابطے اور مذاکرات جاری ہیں، محمود خان اچکزئی رانا ثناء اللہ سے رابطے کی تصدیق کر چکے ہیں۔ تاہم، پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات پر ن لیگ میں رائے تقسیم ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایک طرف سینئر لیگی قیادت نے مولانا فضل الرحمان اور محمود اچکزئی سے بات چیت جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے تو دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال اور خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت کی مخالفت کردی ہے، جبکہ سعد رفیق اور اسپیکر ایاز صادق مشروط مذاکرات کے حامی ہیں۔

اسی طرح ایک طرف چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سے براہ راست مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں ہے، اسپیکر سے کسی بھی مذاکراتی عمل پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔

تو دوسری جانب رؤف حسن کہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کیلئے دروازے کھلے ہیں، طاقت حکومت نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ کے پاس ہے۔ امید ہے اسٹیبلشمنٹ سے ڈیڈلاک مزید نہیں رہے گا۔

حکومتی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی سیاسی جماعتوں کےدرمیان مذاکرات کی حامی ہے۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کہتے ہیں قومی مفاد میں پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں سے مذاکرات ہونے چاہیئں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم خود ڈائیلاگ کی سربراہی کریں۔اب فواد چودھری کے انکشاف نے تہلکہ مچادیا ہے جن کا کہنا ہے کہ مذاکرات تو دو ماہ سے جاری ہیں، ان کا کہنا تھا کہ محمود اچکزئی اور رانا ثناء کے درمیان بات چیت میں پیش رفت ہوئی تو خبر مل جائے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔