سرینگر،ضلع راجوڑی میں بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض افواج نے ضلع راجوڑی میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جس کے بعد گزشتہ 2 دنوں میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید افراد کی تعداد 8 تک پہنچ گئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کلگام اور پلوامہ سمیت دیگر اضلاع میں اب بھی قابض افواج کا سرچ آپریشن جاری ہے جب کہ گھر گھر تلاشی کے عمل کے دوران لوگوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب انتظامیہ نے مظاہروں کے پیش نظر ان اضلاع میں انٹرنیٹ سروس کو بھی معطل کردیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کوضلع کے علاقے سندربنی میں تلاشی اور محاصرے کی ایک جاری کارروائی کے دوران شہید کیا گیا۔ کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے بھارتی فوج کاایک جونیئر کمیشنڈ افسر زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔29جون کو شروع ہونے والی کارروائی کے دوران اب تک دو بھارتی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ ادھر علاقے میں بھارتی فوجیوںکی طرف سے فائرنگ کی آوازیں سنی جارہی ہیں اور لوگوںمیں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے ۔
