ہومپاکستانوزیر اعظم عمران خان گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں،وزیراعلیٰ خالد خورشید

وزیر اعظم عمران خان گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں،وزیراعلیٰ خالد خورشید

اسلام آباد،وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے پاکستان میں متعین جرمنی کے سفیر Bernhard Schlagheckسے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 370 ارب کے ترقیاتی پیکیج کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعظم عمران خان کے اعلان کردہ اس ترقیاتی پیکیج کے بیشتر منصوبوں کی متعلقہ فورمز سے منظوری مل چکی ہے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے جرمن حکومت کی جانب سے صحت، تعلیم اور پاورجیسے اہم شعبوں میں کئے جانے والے اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پاور پروجیکٹس کے بڑے منصوبوں کی تعمیر کیلئے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ حکومت منظم منصوبہ بندی اور پالیسی کے تحت پسماندہ علاقوں کی ترقی اور عوام کی معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے اور اداروں کی استعداد کار میں اضافے کیلئے اصلاحات کئے گئے ہیں۔ گلگت بلتستان میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے خصوصی منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ ملک کے دیگر علاقوں اور بین الاقوامی پروازوں سے گلگت بلتستان میں بڑے پیمانے پر سیاحت کو فروغ ملے گا۔ گلگت بلتستان میں سیاحت، معدنیات اور پاور سیکٹر میں وسیع مواقع موجود ہیں۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بجلی کے پیداوار میں اضافے اور ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے جدید تقاضوں کے مطابق اقدامات کررہے ہیں۔ پاور سپلائی کا نظام اپ گریڈ کیا جارہاہے۔ جرمن حکومت کی جانب سے کے ایف ڈبلیو کے تحت انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔ گلگت بلتستان میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پالیسی کے تحت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں سمارٹ میٹرز اور اے بی سی کیبل کا تنصیب عمل میں لایا جائے گا۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں کو گلگت بلتستان جیسے دور افتادہ اور دشوار گزار علاقے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ صحت، تعلیم اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے بچنے کیلئے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا تعاون درکار ہے۔ گلگت بلتستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے زد میں ہے۔ بیشتر گلیشیرز گلگت بلتستان میں واقع ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ان گلیشیرز کو خطرات لاحق ہیں۔ بدقسمتی سے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا رجحان گلگت بلتستان کی طرف بہت کم ہے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے جرمن سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاور سسٹم کی اپ گریڈیشن اور نئے پاور ہاسز کی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تعمیر کیلئے جرمن حکومت کا خصوصی تعاون درکار ہے۔ گورننس کے نظام کو بہتر کرنے کیلئے ای گورننس متعارف کرایا جارہاہے اورآئی ٹی کا نیا محکمہ قائم کیا جارہاہے۔ پاکستان میں متعین جرمنی کے سفیر نے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے 370 ارب کے ترقیاتی پیکیج کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے عوام کی معیار زندگی بہتر بنانے اور پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی سمیت بجٹ میں صحت، تعلیم جیسے اہم شعبوں میں خصوصی اصلاحات متعارف کرائے ہیں جو قابل تحسین ہیں۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان کے خصوصی اصلاحات ان کے ویژن کا مظہر ہیں۔ جرمن حکومت گلگت بلتستان میں صحت، تعلیم اور پاور کے شعبے کی بہتری کیلئے گلگت بلتستان حکومت کیساتھ مل کر اقدامات کررہی ہے۔ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچاوکیلئے حکومت گلگت بلتستان کیساتھ مستقبل میں مزید تعاون کیا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔