Sunday, February 1, 2026
ہومبلوچستانگوادر میں کچھ پارٹیاں احتجاج کررہی ہیں، لوگ وہاں منصوبوں کی اہمیت سمجھیں: چینی قونصل جنرل

گوادر میں کچھ پارٹیاں احتجاج کررہی ہیں، لوگ وہاں منصوبوں کی اہمیت سمجھیں: چینی قونصل جنرل

کراچی: چین کے قونصل جنرل یانگ یو ڈونگ نے کہا ہے کہ گوادر میں کچھ سیاسی پارٹیاں احتجاج کر رہی ہیں، ان لوگوں کو وہاں چلنے والے پروجیکٹس کی اہمیت کو سمجھنا چاہیے۔

کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب میں چینی قونصل جنرل یانگ یو ڈونگ کا کہناتھاکہ سی پیک پاکستان کی معاشی خوشحالی کا سبب ہوگا، پاک چین مثبت تعلقات بین الاقوامی سطح پر بھی تبدیلی کا باعث ہیں اور بین الاقوامی سطح پر غیر جانبدارنہ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین نے مل کردہشت گردی کے خلاف اقدامات کیے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے سے ہی پاک چین تعلقات پروان چڑھے ہیں، پاکستان کی معاشی ترقی میں سی پیک کا اہم کردار ہے، سیاسی طور پر دونوں ملکوں کی مکمل ہم آہنگی اور اعتماد ہے۔

چینی قونصل جنرل کا کہنا تھاکہ چین پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کو مکمل سپورٹ کرتا ہے۔

گوادر کی صورتحال پر یانگ یوڈونگ کا کہناتھاکہ گوادر میں کچھ سیاسی پارٹیاں احتجاج کر رہی ہیں، ان لوگوں کو وہاں چلنے والے پروجیکٹس کی اہمیت کو سمجھنا چاہیے، دھابیجی اکنامک زون پر کام چل رہا ہے، یہاں چلنے والے پروجیکٹس اہمیت کے حامل ہیں۔

کشمیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھاکہ اقوام متحدہ نے کشمیر کیلئے بہت سے قراردادیں منظور کی ہیں، ان قراردادوں کے ذریعے کشمیر کا حل چاہتے ہیں، ہمارا بھی وہی مؤقف ہے جو پاکستان کا مؤقف ہے۔

خیال رہے کہ کوئٹہ، گوادر اور مستونگ میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کا دھرنا جاری ہے۔ گوادر کے داخلی اورخارجی راستے بند کردیے گئے ہیں جبکہ مکران کوسٹل ہائی وے ایم8 سمیت تمام شاہراہیں بند ہیں اور دھرنوں کے باعث زائرین پاک ایران بارڈر پر پھنس گئے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔