مظفر آباد (آئی پی ایس )چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر)غلام مصطفی مغل نے کہا ہے کہ عوام گھروں سے نکل کر اپنے ووٹ کا حق ضرور استعمال کریں کیونکہ جمہوری عمل میں بھرپور شرکت ہی مسائل کے حل کی ضمانت ہے۔چیف الیکشن کمشنرنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرعوام گھروں میں بیٹھے رہیں گے تو بعد میں جلسے جلوسوں اور احتجاج کے ذریعے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ کا درست استعمال ہی عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے اور مضبوط جمہوری نظام کے قیام کا موقع فراہم کرتا ہے۔جسٹس (ر)غلام مصطفی مغل نے کہا کہ الیکشن کمیشن شفاف، آزاد اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کررہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان سے بھی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ووٹرزکے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے مسلح افواج کی کوئیک رسپانس فورس بھی الرٹ رہے گی جبکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پرآٹھ اورحساس پولنگ اسٹیشنز پرچھ سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے تاکہ ووٹنگ کا عمل بلا خوف و خطرمکمل ہو سکے۔چیف الیکشن کمشنرنے مزید کہا کہ انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹر ٹرن آٹ اطمینان بخش رہا ان کے مطابق کوٹلی میں 49 فیصد، بھمبرمیں 48 فیصد جبکہ میرپور میں 33 فیصد ووٹ پول ہوئے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ مراحل میں بھی عوام بھرپورانداز میں ووٹنگ کے عمل میں حصہ لے کر جمہوری روایات کو مضبوط بنائیں گے
