Sunday, May 24, 2026
ہومپاکستانمذاکرات کا پہلا دور مکمل، حکومت کا جماعت اسلامی کے گرفتار کارکنوں کی رہائی کا اعلان

مذاکرات کا پہلا دور مکمل، حکومت کا جماعت اسلامی کے گرفتار کارکنوں کی رہائی کا اعلان

راولپنڈی (آئی پی ایس )جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا،، حکومت نے جماعت اسلامی کے گرفتار کارکنوں کی رہائی کا اعلان کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق حکومت اور جماعت اسلامی کی ٹیموں کے درمیان کمشنر ہاوس راولپنڈی میں مذاکرات ہوئے۔حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی قیادت وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کی اور کمیٹی میں امیر مقام، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور تاجر رہنما کاشف چوہدری شامل تھے۔ کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ بھی حکومتی وفد کے ہمراہ تھے۔جماعت اسلامی کی 4رکنی مذاکراتی ٹیم نے نائب امیر لیاقت بلوچ کی سربراہی میں مذاکرات کیے۔حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا۔

مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھاکہ احتجاجی دھرنے پر حکومت نے خود رابطہ کیا، حکومتی کمیٹی دھرنے میں آئی تھی اور مذاکرات کی دعوت دی، امیر جماعت اسلامی نے حکومت کی مذاکرات کی پیشکش قبول کی۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا پہلا دور اچھے ماحول میں ہوا ہے، آئی پی پیز کوئی بین الاقوامی معاہدہ نہیں ہے، آئی پی پیز جیسا ناسور پوری قوم کیلئے موت کا پروانہ ہے، سرمایہ داروں کے مفاد کیلئے عوام کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے۔لیاقت بلوچ کا کہنا تھاکہ حکومت نے کہا ہے کل ہی ٹیکنیکل ٹیم تشکیل دے گی۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا کل دوسرا دور ہوگا، دھرنا جاری رہے گا۔لیاقت بلوچ کا کہنا تھاکہ ہمارے 35 افراد کی نظربندی کے آرڈر کیے گئے ہیں، ہم نے حکومت کو 35 افراد کی فہرست دی ہے، حکومت سنجیدگی سے کام کرے گی تو پاکستان کے عوام کو ریلیف ملے گا۔

دوسری جانب حکومت نے جماعت اسلامی کے تمام گرفتار کارکن رہا کرنے کا اعلان کیا۔جماعت اسلامی کے وفد سے مذاکرات کے بعد انجینیئر امیر مقام اور طارق فضل چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ جماعت اسلامی سے بہت ہی اچھے اور خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی ہے، انہوں نے دس مطالبات کی فہرست ہمارے سامنے رکھی ہے، جس میں سے زیادہ مطالبات بجلی سے متعلق ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جماعت اسلامی کے وفد کی باتوں سے ہم متفق ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ عوام کے ریلیف کے لیے کام کیا جائے اور دن رات کام ہورہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے جماعت اسلامی کے 35 ارکان کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔عطاتارڑ نے کہا کہ حکومت کے اخراجات کو کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری سے، ایف بی آر کی ڈیجیٹیلائزیشن اور معاشی اصلاحات سے مالیاتی گنجائش پیدا ہوگی اورعوام تک ریلیف منتقل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمت کم ہوئی تو عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔ ان حالات کو بہتر کرنے میں حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ دوست ممالک سے جو سرمایہ کاری آئے گی اس سے بہتری آئے گی، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔عطا تارڑ نے کہا کہ ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں وزیر پانی وبجالی، سیکریٹری توانائی، ایف بی آر اور وزارت خزانہ کے نمائندے کو شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کل اگلے دور کا آغاز ہو جائے اور معاملات خوش اسلوبی سے طے پاجائیں۔انجنیئر امیر مقام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹیکنیکل کمیٹی کل جماعت اسلامی کے ساتھ بات چیت کرے گی، ہماری کوشش ہے کہ ملک کو چلایا جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔