Tuesday, July 1, 2025
ہومپاکستانوزیرِ خزانہ اورنگزیب ایکنک کمیٹی کی سربراہی سے بھی فارغ

وزیرِ خزانہ اورنگزیب ایکنک کمیٹی کی سربراہی سے بھی فارغ

اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیرِ اعظم نے وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگ زیب کو ایک اور اہم فیصلہ ساز ادارے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی (ایکنیک)کی چیئرمین شپ سے ہٹادیا ہے۔ وزیرِ خارجہ اور نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کو کمیٹی کا چیئرمین بنانے کی کوششوں کے بعد یہ منصب وزیرِ اعظم نے اپنے پاس رکھا ہے۔

اسحاق ڈار کو کمیٹی میں رکھا گیا ہے۔وزیرِ خزانہ محمد اورنگ زیب کو اس سے قبل نجکاری سے متعلق کابینہ کمیٹی کی سربراہی سے ہٹاکر اسحاق ڈار کو اس منصب پر لایا گیا تھا۔ایکنک کی سربراہی وزیرِ اعظم محمد نواز شریف نے اپنے پاس رکھی تھی مگر تنقید ہونے پر انہوں نے یہ منصب محمد اورنگ زیب کو سونپا تھا۔ اب پھر وزیر اعظم نے یہ منصب اپنے ہاتھ میں لیا ہے اور وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال کہتے ہیں کہ بہت جلد ایکنک کا اجلاس وزیر اعظم کی صدارت میں ہوگا۔ یہ کوئی انوکھی بات نہیں۔ شاہد خاقان عباسی بھی اس کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے اجلاس منعقد کرتے رہے ہیں۔ایکنک میں وزیرِ اعظم اور نائب وزیر اعظم کو شامل کرنے کے لیے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات اور وفاقی وزیرِ تجارت کو ہٹایا گیا تھا۔

کابینہ ڈویژن نے اہم معاشی فیصلے کرنے والی قومی اقتصادی کونسل میں تبدیلی کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ کمیٹی کی سربراہی وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے ہاتھ میں ہے جبکہ اس کے ارکان میں وزیرِ خارجہ اور نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگ زیب اور وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال شامل ہیں۔قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے ارکان کی تعداد 8 ہے۔ چار وفاق کے نمائندے ہیں اور چاروں صوبوں سے ایک ایک شخصیت کو لیا گیا ہے۔ سندھ سے جام خان شورو، خیبر پختونخوا سے وزیر اعلی کے مشیر مزمل اسلم اور بلوچستان سے وزیرِ خزانہ شعیب نوشیروانی کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ پنجاب کی نمائندگی مریم اورنگ زیب کو سونپی گئی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔