اسلام آباد:سابق پارلیمانی سیکرٹری پنجاب چودھری عدنان قتل کیس میں عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے سابق سینیٹر چودھری تنویر کی عبوری ضمانت خارج کرتے ہوئے پولیس کو انہیں گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رکن اسمبلی پنجاب چودھری عدنان قتل کیس میں مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ملزمان کی درخواست ضمانتوں پر ایڈیشنل سیشن جج راولپنڈی سہیل رانا نے فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو آج سنایا گیا۔
سماعت کے موقع پر لیگی کارکنوں اور وکلا کی بڑی تعداد موجود تھی، جوڈیشل کمپلیکس میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
ایڈیشنل سیشن جج راولپنڈی سہیل رانا نے چودھری عدنان قتل کیس میں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سابق سینیٹر چودھری تنویر کی عبوری ضمانت خارج کرتے ہوئے پولیس کو انہیں گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے دانیال چودھری اور چودھری چنگیز ، اسامہ چودھری کی عبوری ضمانتیں کنفرم کردیں، تینوں ملزمان کو 2،2 لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔
عدالت کی جانب سے فیصلہ سنانے سے قبل ملزمان آج صبح عدالت میں حاضری لگوا کر واپس روانہ ہو گئے تھے۔
خیال رہے کہ چودھری عدنان کو 12 فروری کی شام پولیس لائنز گیٹ کے قریب فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا، ملزمان کے خلاف تھانہ سول لائنز راولپنڈی میں قتل کا مقدمہ درج ہے۔
چودھری عدنان 2018 میں راولپنڈی سے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 11 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
تاہم 9 مئی کے واقعات کے بعد پارٹی سے علیحدگی کے باعث وہ حالیہ الیکشن میں آزاد حیثیت میں میدان میں اترے تھے۔
چودھری عدنان قتل کیس: عدالت کا ن لیگ کے سابق سینیٹر چودھری تنویر کی گرفتاری کا حکم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
