کراچی،کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی طرف سے اندھے پن اور بیماریوں کا مقابلے کیلئے رضاکارانہ میڈیکل مہم کا آغاز کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کنگ سلمان ریلیف سینٹر چار براعظموں کے 68 سے زیادہ ممالک کو انسان دوست اور ترقیاتی امداد فراہم کر رہا ہے ۔کنگ سلمان ریلیف سنٹر 2005 سے پاکستان کے تمام صوبوں میں قدرتی آفات سے متاثرہ لوگوں کو امداد کی فراہمی میں پیش پیش ہے ، سنٹر کی طرف سے124ملین ڈالر کی لاگت سے اب تک کیمپ کوآرڈینیشن ، فوڈ سیکیورٹی ، تعلیم ، صحت اور پینے کے صاف پانی سمیت 120 منصوبے مکمل کئے گئے ہیں ۔ کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی طرف سے اب اندھا پن اور اس کی وجہ سے ہونے والی بیماریوں سے نمٹنے کیلئے رضاکارانہ طبی مہم کا آغاز کیا گیا ہے ۔ البصر انٹرنیشنل فانڈیشن کے تعاون سے صوبہ سندھ کے ضلع کنڈیرو ، شکارپور اور کراچی جبکہ بلوچستان کے ضلع قلات اور خاران میں اس مہم کے دوران ایک ماہ کے اندر تقریبا 30 ہزار مریضوں کی آنکھوں کا معائنہ کیا جائے گا جبکہ 2400 سرجریاں اور کمزور بینائی والے افراد میں 6000 نظر کی چشمے مفت تقسیم کیے جائیں گے۔ گزشتہ سال 2020میں بھی پاکستان میں اندھے پن کی بیماری کا شکار افراد کیلئے رضاکارانہ طبی مہم کے دوران 2500سے زائد افراد کی آنکھوں کی سرجری اور ہزاروں افراد کو مفت آنکھوں کے معائنے ، علاج اور ادویات فراہم کی گئی تھیں ۔
