تاجر وصنعتکار برادری کے مسائل کو حل کرانے کی بھرپور کوشش کروں گا، ناصر منصور قریشی
اسلام آباد (آئی پی ایس)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں آئی سی سی آئی فانڈرگروپ سپریم کونسل کے سینئر ممبر اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری، کیپٹل آفس کے نومنتخب نائب صدر ناصر منصور قریشی کے اعزاز میں چیئرمین فانڈر گروپ ایم اکرم فرید کی جانب سے ایک ظہرانے کا اہتمام کیا گیاجس میں ان کو مبارک باداور تہنیتی پیغام دیئے گئے۔ چیئرمین میاں اکرم فرید نے اپنے خطاب میں ناصر قریشی کو فیڈریشن کا نائب صدر منتخب ہونے پرمبارک باد پیش کی اور کہا کہ ناصر قریشی کا UBG))کی طرف سے فیڈریشن کا نائب صدر منتخب ہونا حق و سچ کی فتح ہے اور آئی سی سی آئی فانڈرگروپ کے لئے باعث فخر ہے۔حالیہ کامیابی بزنس کمیونٹی کی صفوں میں اتحاد واتفاق کانتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں حکومت صنعتی مشینری اور پلانٹس کی درآمد پر عائد تمام ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کا خاتمہ کرے تا کہ صنعتی شعبہ جدید مشینری و پلانٹ درآمد کر کے اپنے آپ کو اپ گریڈ کر سکے ملک میں صنعتی ترقی کا عمل تیز ہو گا اور ویلیو ایڈیڈ مصنوعات تیار ہونے سے ہماری برآمدات میں بھی کئی گنا اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی بندشوں کی وجہ سے ہوٹل انڈسٹری کو بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے لہذا حکومت بجٹ میں اس شعبے کیلئے خصوصی ریلیف پیکج کا اعلان کرے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ فانڈر گروپ اور آئی سی سی آئی تاجروصنعتکار برادری کے مسائل کو حل کرانے کی کوششوں میں فیڈریشن کے نومنتخب نائب صدر ناصر قریشی کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے ناصر قریشی کو ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کا 2020-21کیلئے نائب صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور اس امید کااظہار کیا کہ وہ فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے تاجروصنعتکاربرادری کے مسائل کو حل کرانے کیلئے اپنا مفید کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی سمیت ملک کے تمام چیمبروں نے اپنی بجٹ تجاویز حکومت کو ارسال کر دی ہیں لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ان تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرے اور ان کو بجٹ کا حصہ بنائے جس سے کاروباری برادری کے مسائل بہتر حل ہوں گے اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا جس سے ہماری معیشت مضبوط ہو گی۔حکومتی مالیاتی نظام ناگفتہ بہ ہے جس کو تاجربرادری کی مشاورت سے بہتر کیا جاسکتا ہے۔آئی سی سی آئی کے سابق صدر خالد جاوید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ناصرقریشی کی قرعہ کے ذریعے فتح نے تاجربرادری کی عزت وتوقیرمیں مزید اضافہ کردیا ہے اور امید ہے کہ ناصرقریشی اپنے تجربات کے بل بوتے پر اپنی پوسٹ کا حق ادا کریں گے اور تاجر برادری کے گوناگوں مسائل حل کرائیں گے۔انہوں نے کہ فانڈر گروپ کے تمام اراکین اپنے منشور اور قواعد ضوابط پر من وعن عمل پیرا ہیں اور ہرلمحہ بھر بھی اپنے فرائض منصبی سے غافل نہیں ہیں۔صدر اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن طارق صادق نے کہا کہ ناصر قریشی تاجر خدمت کے جذبہ سے لیس ہیں ان کا FPCCIمیں منتخب ہونا نیک شگون ہے اور اپنے فارما کے تجربات کے تناظرمیں وہ اہم امور سرانجام دیں گے۔سابق صدر آئی سی سی آئی میاں شوکت مسعود نے کہا کہ ناصر قریشی کی طلسماتی شخصیت کے حامل ہیں اور وہ اپنی کارکردگی کی بنا پر اہم سنگ میل عبور کریں گے اور موثرکردار ادا کریں گے۔سابق صدر ایف پی سی سی آئی عبدالرف عالم نے اپنے کلمات میں کہا ناصرقریشی نے اپنے سینئرکی معیت میں یہ کامیابی حاصل کی ہے اور وہ اسی ڈگر پر چل کر صنعت وتجارت کے دگرگوں مسائل حل کرایئں گے۔یونائٹڈبزنس گروپ کے نومنتخب سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کی نشست جیتنا یقینابزنس کمیونٹی کے لئے طرہ امتیاز ہے اور امید کی جاتی ہے کہ اللہ تعالی کی رحمت سے نومنتخب نائب صدر اس پوسٹ کے تقاضوں کو پورا کریں گے۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چیمبر کے سینئر ممبر اور فیڈیشن کے کیپٹل آفس کے نومنتخب نائب صدر ناصر قریشی نے ان کے اعزاز میں مبارک باد کی تقریب منعقد کرنے پر آئی سی سی آئی فانڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید اور تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے خطے کی تاجر وصنعتکار برادری کے اہم مسائل کو حل کرانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن ملک کے تمام چیمبروں و ایسوسی ایشنوں کا نمائندہ ادارہ ہے لہذا تمام ٹریڈ باڈیز اپنے اپنے علاقے کی تاجروصنعتکار برادری کے مسائل فیڈریشن کے ساتھ شیئر کریں تا کہ ان کو حل کرانے کیلئے موثر کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فارما سوٹیکل انڈسٹری کو ادویات تیار کرنے کیلئے تمام خام مال باہر سے درآمد کرنا پڑتا ہے جو بہت مہنگا پڑتا ہے اور اس سے ادویات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ملک کے اندر فارما سوٹیکل انڈسٹری کا خام مال تیار کرنے کے پلانٹس لگانے کیلئے نجی شعبے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے جس سے سستی ادویات تیار ہوں گی اور ہماری برآمدات میں بھی اضافہ ہو گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم،سابق صدر خالد اقبال ملک، محمد اعجاز عباسی، ظفر بختاوری، زاہد مقبول،محمد احمد حسن مغل، رافت فرید، طارق وانی، راجہ حسن اختر،محمودوڑائچ،عمیس خٹک،سمیت ایگزیکٹوممبران وتاجربرادری اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ناصر قریشی کو فیڈریشن کے کیپٹل آفس کا نائب صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سینیئرنائب صدر آئی سی سی آئی فاطمہ عظیم نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اس امر کا اظہار کیا کہ آنے والے وقت میں آئی سی سی آئی اور فیڈریشن مل کر تاجر خدمت کے جذبہ کو پروان چڑھائیں گے تا کہ تاجربرادری کو ثمرات ملنا شروع ہوں۔آخرمیں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عبدالرحمن خان نے تمام معزز عہداران اور اراکین کا شکریہ اداکیا۔
ناصر قریشی کا فیڈریشن کے کیپٹل آفس کا نائب صدر منتخب ہونا حق و سچ کی فتح ہے، میاں اکرم فرید
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
