ہومپاکستانخطے کے مسائل حل کر لیں تو پاور ہائوس بن جائیں گے،وزیراعظم

خطے کے مسائل حل کر لیں تو پاور ہائوس بن جائیں گے،وزیراعظم

اسلام آباد، وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں صرف ملک نہیں بلکہ خطے ترقی کرتے ہیں،45کروڑ عوام کے خطے کو باہم مربوط کردیں تو انقلاب آ سکتا ہے، اقتصادی تعاون بڑھانے اور تجارت میں آسانیوں سے خطہ ترقی کرے گا جبکہ باہمی رابطوں کے فروغ سے تنظیم کے رکن ممالک مزید قریب آئیں گے۔

بدھ کو وزیراعظم عمران خان نے ای سی او پارلیمانی کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ای سی او کے سپیکرز کی کانفرنس کے انعقاد پر اسد قیصر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اجلاس میں شرکت کرنے والے تمام مندوبین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پائیکو کانفرنس کے مشترکہ اعلامیے کی منظوری پر تمام مندوبین کو مبارکباد دیتا ہوں جبکہ 10 رکن ممالک کے درمیان رابطوں کا فروغ بڑی کامیابی ہے،اور موجودہ حالات میں صرف ملک نہیں بلکہ خطے ترقی کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ 45کروڑ عوام کے خطے کو باہم مربوط کردیں تو انقلاب آ سکتا ہے، اقتصادی تعاون بڑھانے اور تجارت میں آسانیوں سے خطہ ترقی کرے گا جبکہ باہمی رابطوں کے فروغ سے تنظیم کے رکن ممالک مزید قریب آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل نہیں ہو رہا ہے، ان دونوں خطوں میں انصاف نہ ہونے سے لوگوں کو شدید تکالیف کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث پانی کی کمی کا خدشہ ہے اور فوری اقدامات نہ کرنے کی صورت میں نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کو خطرہ لاحق ہو گا جبکہ پاکستان میں 2013سے 2018تک ایک ارب درخت اگائے گئے ہیں، اب پاکستان میں دس ارب درخت لگانے پر عمل پیرا ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان عدم استحکام اور انتشار سے پورا خطہ متاثر ہو گا، ای سی او کے رکن ممالک کو افغانستان میں امن کیلئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں، پاکستان افغانستان سے اتحادی افواج کے انخلاء کے بعد پر امن انتقال اقتدار چاہتا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملاقات کی اور کراچی کے حوالے سے امن اومان کی رپورٹ پیش کی۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور امن وامان پر بھی بات چیت کی گئی۔ شیخ رشید نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے ملا قات کا احوال بھی بتایا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ نے ملک بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سے وزیراعظم کو آگاہ کرتے ہوئے لا اینڈ آرڈرکے مسائل اور انکے حل کی تجاویز پیش کیں۔اس کے علاوہ شیخ رشید نے دورہ کویت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 10 سالوں کے بعد کویت کے ویزوں کا اجرا پاکستان کی بہت بڑی سفارتی کامیا بی ہے۔ وزیر داخلہ نے کویت میں قیدیوں کے مسائل اور مزدورں کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ شیخ رشید کی جانب سے دی جانیوالی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعظم اہم فیصلے کریں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔