ہومپاکستانہمارے ساتھ سیاست نہیں انصاف کیا جائے، جہانگیر ترین

ہمارے ساتھ سیاست نہیں انصاف کیا جائے، جہانگیر ترین

لاہور،پی ٹی آئی ترین گروپ کے سربراہ جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ انصاف فراہم کیا جائے سیاست نہ کی جائے۔پیر کو جہانگیر ترین نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں اور ہم عبوری ضمانت کے لیے عدالت میں پیش ہوئے لیکن ہمیں ہر پیشی پر نئی تاریخ مل جاتی ہے۔جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ علی ظفر نے رپورٹ میں جو کہا ہے اس پر ایکشن لیا جائے، علی ظفر کی تحقیقات مکمل ہوگئی، اب تک رپورٹ منظرعام پر نہیں آئی، رپورٹ آنے پر کھل کر بات ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سیاست نہیں، انصاف کیا جائے، بہت وقت گزر گیا، اب انصاف مل جانا چاہئے، کسی حکومتی عہدیدار سے ملاقات نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے وعدہ کیا تھا کہ انصاف ملے گا جو اب مل جانا چاہیے۔ میں علی ظفر کا احترام کرتا ہوں انہوں نے محنت سے رپورٹ مکمل کی۔جہانگیر ترین نے کہا کہ یہ قیاس آرائیاں بھی ہیں کہ رپورٹ وزیر اعظم کو دی گئی ہے اور وزیر اعظم نے علی ظفر کو تفتیش کے لیے مقرر کیا تھا۔ امید تھی کہ علی ظفر کی رپورٹ منظر عام پر آجائے گی لیکن نہیں آئی۔ علی ظفر نے کہا تھا رپورٹ مئی میں دوں گا۔انہوں نے کہا کہ انصاف فراہم کیا جائے سیاست نہ کی جائے۔ معاملہ تب بگڑا جب نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ میری حکومت کے کسی اعلی عہدیدار سے ملاقات نہیں ہوئی۔اس سے قبل سیشن کورٹ لاہور میں کارپوریٹ فراڈ اور منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی جس میں جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین پیش ہوئے۔ عدالت نے دونوں رہنماوں کی عبوری ضمانت میں 11 جون تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔عدالت نے مقدمے کے تفتیشی افسر کا تبادلہ کرنے والے ایف آئی اے افسر کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے کہا کہ میرے پاس ان کیسز کی سماعت کا اختیار نہیں رہا اور ایڈیشنل سیشن جج ون نئے تعینات ہو گئے ہیں۔ اس لیے آج کوئی دلائل نہیں سن سکتا اور اگلی تاریخ مقرر کر سکتا ہوں۔عدالت نے ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سے استفسار کیا کہ گزشتہ دنوں میں کیا کیا ؟ جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے عدالت کو جواب دیا کہ نہ صرف رانا شہباز تفتیشی افسرتبدیل ہو گیا ہے بلکہ پورے ایف آئی اے میں تبدیلیاں ہوئی ہیں۔عدالت نے سوال کیا کہ ڈی جی ہو یا کوئی بھی وہ کیسے تفتیشی افسر کا تبادلہ کر سکتا ہے؟ وہ تفتیشی افسر کہاں ہیں جن سے میں نے بات کرنی ہے؟جج حامد حسین نے کہا کہ تفتیشی افسر کی تبدیلی سے متعلق میں حقائق لکھوں گا اور جس نے بھی تفتیشی افسر کو تبدیل کیا اس کو شو کاز نوٹس جاری کر رہا ہوں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔