لاہور ،وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پانی کے حوالے سے سندھ حکومت کا کمزور موقف بلا جواز ہے، پانی کی قلت کا سامنا پورے ملک کو ہے، اس پر سیاست چمکانا ملکی مفادات کے خلاف ہے۔
وزیراعلی پنجاب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب کو اپنے حصے سے ایک بوند بھی زیادہ پانی نہیں مل رہا، سندھ نے پانی کے مسئلے کو سیاسی بنا کر قوم کی کوئی خدمت نہیں کی، سندھ کو فصلوں کی بوائی کے دوران تواتر کے ساتھ پانی ملتا رہا، اس وقت کوئی شور نہیں مچایا گیا، اب پنجاب میں فصلوں کی بوائی ہو رہی ہے تو سندھ کی جانب سے شور مچانا نامناسب بات ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کو اپنے حصے کے پانی پرضرورت کے مطابق استعمال کرنے کا حق حاصل ہے، پانی سیاسی نہیں بلکہ ٹیکنیکل ایشو ہے، اس مسئلے کو افہام و تفہیم اور ٹیکنیکل طریقے سے ہی حل کیا جا سکتا ہے، بیان بازی کر کے پنجاب پر بے بنیاد الزام لگانے کی مذمت کرتے ہیں، پانی کے مسئلے پر سیاست کرنا کسی کو زیب نہیں دیتا۔
