ہومپاکستانپارلیمان سی پیک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا،اسد قیصر

پارلیمان سی پیک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا،اسد قیصر

اسلام آباد(آئی پی ایس )چین کے سفیر نونگ رونگ نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، اہم علاقائی و عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی صدا بہار دوستی پر فخر ہے،پاکستان اور چین کے مابین مفرد نوعیت کے دوستانہ تعلقات دنیا کے لیے ایک مثال ہے،دونوں دوست ممالک میں تعلقات باہمی احترام، اعتماد، مفادات اور اسٹریٹجک شراکت داری پر استور ہیں،پاکستان اور چین کے مابین تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں،چین اور پاکستان علاقائی و عالمی معاملات پر یکساں موقف رکھتے ہیں، دونوں دوست ممالک نے ہمیشہ علاقائی و عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے موقف کی تائید کی ہے،چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ دوست ملک چین کی طرف سے پاکستان کے لیے ایک تحفہ ہے،چین پاکستان اقتصادی راہداری اور ون بیلٹ ون روڈ کا اقدام پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کے منصوبے ہیں،پارلیمان سی پیک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا،پارلیمان کے زیر سرپرستی تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سی پیک کی تکمیل کے مرحلے کو تیز کرنے کے لیے سیمینار منعقد کیے جار ہے ہیں، ان سیمیناروں میں سی پیک سے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت سے سی پیک کی افادیت میں گراں قدر اضافہ ہو گا، رشکئی اکنامک زون سے پاکستان میں صنعتی شعبے کو فروغ حاصل ہوگا، رشکئی اکنامک زون منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا،دونوں ممالک کی پارلیمان کے مابین رابطوں کے فروغ سے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکتا ہے،پاکستان کورونا وبا کی روک تھام کے لیے ویکسین کی بروقت فراہمی پر دوست ملک چین کا شکر گزار ہے، چینی سفیر نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی مثالی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،چین کی خارجہ پالیسی میں پاکستان کے ساتھ دوستی کو کلیدی اہمیت حاصل ہے، چین اور پاکستان ایک دوسرے ہر دکھ سکھ کے دوست ہیں اور دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت مین ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، نوگ رونگ نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ متفرق شعبہ جات میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہان ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔