ہومپاکستانایف آئی اے نے شہباز شریف کو لندن روانگی سے روک دیا

ایف آئی اے نے شہباز شریف کو لندن روانگی سے روک دیا

لاہور(آئی پی ایس )لاہور ایئر پورٹ پر امیگریشن حکام نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو لندن روانگی سے روک دیا ۔ تفصیلات کے مطابق امیگریشن حکام نے شہباز شریف سے کہا کہ ہمارے سسٹم میں آپ ابھی تک بلیک لسٹ ہیں جس کے بعد نجی ایئر لائن نے شہباز شریف کو آف لوڈ کر دیا۔شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کا آرڈر ہے، ون ٹائم ٹریول کی اجازت دی گئی ہے۔ صدر مسلم لیگ ن نے ایئرپورٹ حکام کو عدالت کے احکامات بھی دکھائے۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے ایف آئی اے حکام کو صورت حال سے آگاہ کیا اور عدالتی حکم نامہ بھی پڑھ کر سنایا۔انہوں نے دعوی کیا کہ ایف آئی اے اہلکار عدالت میں موجود تھے، ایف آئی اے کوفیصلے کا معلوم تھا، اس بنیاد پر شہباز شریف کو روکا نہیں جاسکتا۔دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر کہا کہ بلیک لسٹ میں نام ڈالنا یا نکالنا ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کا اختیار ہے، شہباز شریف کے وکلا کی طرف سے عدالتی فیصلے کی بلیک لسٹ سے نام نکلوانے کی ابھی تک کوء درخواست ڈی جی ایف آئی اے کو نہیں دی گئی ، صرف زبانی باتوں پر ریکارڈ میں تبدیلی نہیں کی جا سکتی، حکومت اس فیصلے کیخلاف عدالت کو رجوع کرے گی۔ادھر مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایف آئی اے عمران خان کے حکم پر توہین عدالت کررہی ہے، ایف آئی اے نے شہباز شریف کا نام ایک اور لسٹ میں داخل کر دیا ہے، سسٹم اپ ڈیٹ نہ ہونے کی بنیاد پر روکے جانا بدنیتی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔