اسلام آباد: نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات مہنگی خرید کر سستا فروخت کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔نگراں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں انہوں ںے بتایا کہ آئین اور قانون کے تحت نگران حکومت کی جو بھی ذمہ داریاں ہیں وہ پوری کریں گے، وفاقی کابینہ ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انتخابات کے لیے پرعزم ہے۔
انتخابات سے متعلق انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے ملاقات میں انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کابینہ کے ہر رکن سے اس کی وزارت کے بارے میں بریفنگ لی، وزیر اعظم کی ہدایت ہے کہ اخراجات کم کیے جائیں، کابینہ کے اجلاس میں معیشت کی بحالی کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ ریاست کی طاقت اقلیتوں کے ساتھ کھڑی ہے، تمام شہریوں کو برابر انسانی حقوق حاصل ہیں، جڑانوالہ واقعے پر ہر فرد نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، کابینہ نے ملک میں صوفی ازم کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔
