اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنی کابینہ کے لیے مشاورت مکمل کرلی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نگران کابینہ کے لیے تقریباً تمام نام فائنل کرلیے گئے ہیں اور اب صرف حتمی مشورے کیے جارہے ہیں جس کے بعد آج ہی نگران کابینہ کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔
نگران کابینہ کو آج ہی حتمی شکل دی جائے گی اور کل کابینہ ارکان کے حلف اٹھانے کا امکان ہے۔
نگران کابینہ میں وزارت اطلاعات کے لیے محمد علی درانی کا نام شامل نہیں ہے بلکہ وزارت اطلاعات سید محمد علی کو دئیے جانے کا امکان ہے جو ایک دفاعی تجزیہ کار ہیں۔
نگران کابینہ میں وزارت خارجہ کی ذمہ داری سابق سفارتکار جلیل عباس جیلانی کو سونپے جانے کا امکان ہے وہ امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر بھی رہ چکے ہیں۔
نگران وزیر خزانہ کے لیے گزشتہ روز سلطان علی الانہ کا نام فائنل کیا گیا تھا تاہم ان کی دوہری شہریت کی وجہ سے اب نگران وزیر خزانہ کے لیے مزید دو ناموں پر غور کیا جارہا ہے جن میں سے کسی ایک کو یہ ذمہ داری دئیے جانے کا امکان ہے۔
نگران وزیر خزانہ کے لیے سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ اور سابق گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر کے نام زیر غور نہیں ہیں۔
نگران وزیر داخلہ کے لیے سرفراز بگٹی کا نام سامنے آنے کا غالب امکان ہے جس کی ایک وجہ ان کا سابق وزیر داخلہ ہونا بھی ہے۔
نگران کابینہ کیلئے مشاورت مکمل، جلیل عباس اور سید علی کو اہم وزارتیں ملنے کا امکان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
