پشاور،پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پرکارروائیاں کر کے 200 شہریوں کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے پولیس اور فوج کے ساتھ مل کر کارروائیاں کرتے ہوئے کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پشاور کے یونیورسٹی روڈ پر 16 اور صدر میں 12 دکانیں سیل کر دیں ۔ دوسری جانب پولیس نے لائوڈ اسپیکرز کے ذریعے شہریوں سے کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل کرنے کی اپیل کی۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر احتشام الحق نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر شدت اختیار کر چکی ہے مگر شہری مسلسل ایس او پیز کی خلاف ورزیاں کر رہے ہیں۔ڈاکٹر احتشام الحق کا کہنا تھا ہماری کوشش ہے کہ شہر کو بند کرنے کی طرف نا جایا جائے۔اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اب تک 200 شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ادھر مردان میں کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر3پلازے جبکہ گلبرگ لاہور میں 5سیلون سیل کر دیئے گئے، کامونکی میں 2 فوڈ پوائنٹس اور تین بڑے ہوٹلوں کو جرمانے کیے گئے۔
