لاہور(سب نیوز)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)نے بیوی کو بلیک میل کرنے والے شوہر کو گرفتار کر لیا۔نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی(این سی سی آئی اے)لاہور زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے سائبر کرائمز، چائلڈ پورنوگرافی، بلیک میلنگ، عدلیہ مخالف پروپیگنڈے اور آن لائن فراڈ میں ملوث متعدد ملزمان کی گرفتاریوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عاطف امیر نے بتایا کہ ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے چائلڈ پورنوگرافی میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم شاہین اصغر وڑائچ نے صائمہ اور طیبہ مغل کے نام سے دو جعلی سوشل میڈیا اکاونٹس بنا رکھے تھے، تاہم اسے اندازہ نہیں تھا کہ تمام ادارے چائلڈ پورنوگرافی کے خلاف یکجا ہیں۔اسی طرح فرسٹ ایئر کے طالب علم ارسلان نے گوگل ڈرائیو میں بچوں کی غیر اخلاقی ویڈیوز محفوظ کر رکھی تھیں، جبکہ جوہر ٹاون لاہور کے رہائشی ہاشم طاہر نے امریکا میں مقیم ایک بچی کو بلیک میل کیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے نے انکشاف کیا کہ ادارے نے ایسے گھناونے کیسز بھی پکڑے ہیں جن میں ایک شوہر اپنی ہی بیوی کو جبکہ ایک بھائی اپنی بہن کو بلیک میل کرنے میں ملوث پایا گیا۔مزید برآں، انہوں نے بتایا کہ ایف بی آئی کی جانب سے ایک پاکستانی نژاد امریکی شہری کو ہراساں کرنے کی درخواست موصول ہوئی تھی۔ ایک خاتون نے شکایت درج کرائی کہ اس کی بیٹی سے دانی نامی لڑکے نے دوستی کی اور فراڈیوں نے لڑکی کو امریکا سے قیمتی انگوٹھی بھیجنے کا جھانسہ دیا۔
بعد ازاں جعلی کسٹم افسر بن کر انگوٹھی کی کسٹم کلیئرنس کے نام پر لڑکی اور اس کے خاندان سے لاکھوں روپے بٹور لیے گئے۔ اس آن لائن اسکیم اور جعل سازی میں ملوث چار ملزمان عثمان، عمر، انور اور شبیر کو لودھراں سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔عاطف امیر نے واضح کیا کہ ریاست اور عدلیہ مخالف سوشل میڈیا پوسٹس کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور کسی کو عدلیہ کے خلاف مہم چلانے کی اجازت نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ عدلیہ کے خلاف سوشل میڈیا پر پوسٹ لگانے والے ایک الیکٹریشن کو بھی گرفتار کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
این سی سی آئی اے نے بیوی کو بلیک میل کرنے والے شوہر کو گرفتار کر لیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
