ہومپاکستانکویت اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدہ پر دستخط

کویت اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدہ پر دستخط

اسلام آباد(سب نیوز)کویت اور پاکستان کے حکام نے دفاعی تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کئے۔ دستخطوں کی تقریب کویت وزارت دفاع کے دفتر میں منعقد ہوئی۔

پاکستان کی طرف سے کویت میں سفیر پاکستان ملک محمد فاروق جبکہ کویت وزارت دفاع کی جانب سے بریگیڈیئر جنرل فواز خودیر محمد الحربي ڈپٹی چیف آف جنرل سٹاف نے معاہدہ پر دستخط کئے۔ کویت وزارت دفاع کے حکام اور کویت کا دورہ کرنے والے پاکستانی فوجی وفد ، جس کی قیادت میجر جنرل وسیم افتخار چیمہ کر رہے تھے کے علاوہ پاکستانی ملٹری اتاشی بریگیڈیئر محمد عاصم بھی دستخطوں کی اس تقریب میں موجود تھے۔

کویت وزارت دفاع کے سینئر حکام فہد العظیم اور کویت وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ دونوں حکام نے معاہدہ کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ معاہدہ سے دونوں ممالک کے درمیان دفاع کے شعبہ میں تعاون کو فروغ حاصل ہو گا۔ سفیر پاکستان ملک محمد فاروق نے پاکستانی دفاعی وفد کے دورہ کیلئے شاندار انتظامات پر کویتی حکام کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستانی وفد کے سربراہ میجر جنرل وسیم افتخار چیمہ اور کویت فوج کے بریگیڈیئر جنرل فواز خودیر محمد الحربي نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی تعلقات مضبوط بنانے سے دو طرفہ تعاون کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔