اسلام آباد،وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوشش ہے رحمت اللعالمین ۖ اسکالر شپ پروگرام ملک بھر میں شروع ہو، وفاقی حکومت ہرسال 5.5 ارب روپے اسکالرشپس پر خرچ کرے گی،تعلیم کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی کی منزلیں طے نہیں کرسکتی، تمام سکالرشپس شفاف میرٹ کی پالیسی پر دیے جائیں گے ۔وفاقی دارالحکومت میں رحمت اللعالمین ۖاسکالرشپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ اسکالر شپ صرف مسلمان بچوں کیلئے ہی نہیں، سب کیلئے ہیں۔ نبی پاکۖ کی سیرت پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہے، آپ ۖکی تعلیمات پر عمل کر کے فلاحی معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکالرشپ پروگرام میں وفاقی حکومت بھی تعاون کررہی ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے ساڑھے 3 لاکھ اسکالر شپس دیئے جائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہ سب سے عظیم آدمی وہ ہے جو اللہ کے راستے پر چلا ہے، علامہ اقبال نے کہا تھا کہ اسلام کی تاریخ میں مسلمان معاشرہ اس وقت ہی اوپر آیا جب اس نے سنت پر عمل کیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا مقصد نبی کریم ۖکی سوچ پر چلنے کی کوشش ہے اور ان کی سنت، مدینہ کی ریاست، رولز آف لا، قانون کی بالادستی، فلاحی ریاست کا قیام ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ جنگ بدر میں سب کے پاس ہتھیار نہیں تھے لیکن جب قیدی پکڑے تو رہائی کے لیے پیسے بھی لے سکتے تھے لیکن پیسے سے زیادہ ترجیح علم کو دی،علم سیکھنا بھی عبادت ہے۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ رحمت اللعالمین ۖاسکالرشپ پروگرام پاکستان میں انقلاب برپا کر دے گا، اسلام تعلیم کے فروغ پر زور دیتا ہے، قرآن کی پہلی وحی بھی پڑھنے کے حوالے سے آئی، تعلیم کسی بھی معاشرے کا بنیادی عنصرہے، اس کے بغیرکوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم کے سکالر شپ پروگرام سے غریب اور متوسط طبقے کو تعلیم کی سہولت میسر آئیگی،رحمت اللعالمین ۖسکالر شپ پروگرام میں طلبا گھر بیٹھ کر اپلائی کر سکتے ہیں۔وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق عام اور غریب آدمی کو تعلیم کی سہولت میسر آئیگی،خیبر پختونخوا میں مختلف سطح پر صوبائی حکومت تعلیمی وظائف دے رہی ہے،رحمت اللعالمین ۖسکالر شپ پروگرام میں خیبر پختونخوا حکومت بھی حصہ ڈالے گی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے ساڑھے 3 لاکھ اسکالر شپس دیئے جائیں گے، وزیراعظم کا رحمت اللعالمین ۖسکالر شپ کانفرنس سے خطا ب
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
