ہومبریکنگ نیوزفردوس شمیم کی درخواست ضمانت، عدالت نے حکم سنا دیا

فردوس شمیم کی درخواست ضمانت، عدالت نے حکم سنا دیا

کراچی(سب نیوز)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی کو میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

عمران خان کی گرفتاری پر احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی کے کیس میں گرفتار تحریک انصاف کےرہنما فردوس شمیم نقوی کی درخواست ضمانت پر انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت ہوئی۔

پی ٹی آئی رہنما کے وکیل نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ فردوس شمیم نقوی کینسر سمیت دیگر سنگین بیماریوں میں مبتلا ہیں، مناسب طبی سہولیات کی عدم فراہمی سے ان کی صحت کوسنگین خطرات لاحق ہیں۔

عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو فردوس شمیم نقوی کو میڈیکل بورڈ کے سامنےپیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ میڈیکل بورڈ فردوس شمیم نقوی کی صحت کے حوالے معائنہ کرے، اور ان کی بیماری کی نوعیت پر رائے دے۔ عدالت نے درخواست ضمانت کی سماعت 24 مئی تک ملتوی کردی۔

گزشتہ روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے فردوس شمیم نقوی کی گرفتاری پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ فردوس شمیم کینسر کے مرض سے شفایابی کے مراحل میں ہیں، انہوں نے اپنے مرض کا بھی پورے وقار اور ہمت سے مقابلہ کیا، ایسے شخص کو دہشتگردی کے الزام میں زندان میں ڈال کر اہلِ اقتدار نے ظاہر کیا ہے کہ کس قدر پستی کے شکار ہیں۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنما فردوس شمیم نقوی سمیت 14 ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجا ہے، ٹیپو سلطان پولیس نے ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں گرفتار رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی سمیت 14 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا، اور بتایا کہ ابتدائی تفتیش اور دیگرکارروائی مکمل کرلی ہے اور 2 ملزمان کے بیانات جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو ریکارڈ کروانا ہیں۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو چالان پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے فردوس شمیم نقوی سمیت 14 ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا۔عدالت نے فردوس شمیم نقوی سمیت دیگرملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، جب کہ پولیس نے انہیں کراچی سے سکھر جیل بھیج دیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔