راولپنڈی(سب نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ صدر عارف علوی پیر کو الیکشن کی تاریخ دیں یا استعفیٰ دیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کو اللّٰہ کے بعد سپریم کورٹ بچا سکتی ہے، صوبے اور مرکز کے الیکشن اکٹھے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے کہا میری حکومت نہیں، پھر بتایا جائے کس کی حکومت ہے، مریم نواز کے بیانیے کے ساتھ ان کا شوہر نہیں کھڑا۔
شیخ رشید نے کہا کہ اگر عمران خان کہیں گے تو 22 تاریخ کو سب سے پہلے میں گرفتاری دوں گا، ان سے ملاقات کرنے آیا ہوں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ میرے ساتھ جو کچھ ہوا میں اسے معاف کرتا ہوں، پولیس نے دو کمبل دیے، آدھا سامان جیل میں چھوڑ آیا ہوں۔
سابق وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ میرے فون ان کے پاس ہیں اندازہ ہے کون لوگ ہیں، جن کے پاس فون ہے مجھ سے پاس ورڈ پوچھ لیں۔
