Tuesday, September 17, 2024
ہومپاکستانوزیراعلی پنجاب ان ایکشن ،،فرائض سے غفلت برتنے پر متعدد افسران معطل

وزیراعلی پنجاب ان ایکشن ،،فرائض سے غفلت برتنے پر متعدد افسران معطل

لاہور،وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار نے ان ایکشن ،بغیر پروٹوکول جنوبی پنجاب کے مختلف شہرو ں کے24 گھنٹے مسلسل طوفانی دورے،عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی اور فرائض سے غفلت برتنے پر سخت ایکشن ،سی پی او ملتان اور ڈپٹی کمشنر ملتان کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا،دونوں افسروں کو ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کا حکم۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی عثمان بزدار اسلام آباد سے ملتان پہنچے، ملتان سے تونسہ شریف اورپھر ڈیرہ غازی خان گئے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار علی الصبح پھر بذریعہ سڑک ملتان واپس پہنچے۔ انہوں نے رات گئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ کا دورہ کیا اور ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی عثمان بزدار مختلف وارڈز میں گئے، مریضوں کی خیریت دریافت کی اور لواحقین سے طبی سہولتوں بارے دریافت کیا۔ وزیراعلی نے مریضوں اور تیمارداروں کی شکایات پر ایم ایس ڈاکٹر محمد طاہر کو معطل کرنے کا حکم دیا۔عثمان بزدار نے کہا کہ ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹرز کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی جائے، انہوں نے تھانہ سٹی تونسہ کا بھی دورہ کیا اور حوالات میں بند ملزمان سے گفتگو کی، وزیر اعلی نے تھانے آنے والے سائلین کی فوری داد رسی کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ تھانوں میں داد رسی کیلئے آنے والی شہریوں سے اچھا سلوک کیا جائے- پولیس کو عوام کا خادم بن کر فرائض سرانجام دینا ہوں گے- وزیر اعلی عثمان بزدار نے تونسہ شہر کا دورہ کیا اور شہری سہولتوں کا جائزہ لیا، انہوں نے شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا ،فرائض سے غفلت برتنے پر ایس ای پبلک ہیلتھ،ایس ڈی او پبلک ہیلتھ،ایکسیئن ہائی وے اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی معطل کر دیئے گئے۔وزیراعلی نے وارننگ دی کہ افسران اب کام کریں گے یا گھر جائیں گے، ترقیاتی کاموں میں سست روی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی- عوام کے ٹیکس سے تنخواہیں لینے والے افسران کو عوام کیلئے کام کرنا پڑے گا- عوام کو ریلیف نہ دینے والے افسران کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں-عثمان بزدار نے کہا کہ بہت برداشت کر لیا، اب عوام کو سہولتیں نہ دینے والے افسروں کے خلاف کارروائی ہو گی- پنجاب کے ہر ضلع میں جاں گا اور عوام کے مسائل خود حل کروں گا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے تونسہ میں ریسکیو1122 سنٹر کا بھی دورہ کیا اور عملے سے گفتگو کی۔تونسہ کے دورے کے بعد وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار رات گئے ڈیرہ غازی خان پہنچے اور ڈیرہ غازی خان ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔ وزیراعلی نے ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے سہولیات اور ادویات کی فراہمی بارے پوچھا۔ مریضوں کے تیمارداروں کی جانب سے ادویات اور تھر مامیٹر بازار سے منگوانے کی شکایات کی گئیں۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے مریضوں کے تیمارداروں کی شکایات پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ مریضوں سے ادویات اور تھرما میٹر بازار سے منگوانے کا نوٹس لیتے ہوئے مشیر صحت محمد حنیف پتافی کو معاملہ کی انکوائری کا حکم دیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان کے بعد صبح 4 بجے ملتان پہنچے اور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کارڈیالوجی کی نئی ایمرجنسی کا کام جلد مکمل کرایا جائے گا-وزیر اعلی عثمان بزدار نے انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں طبی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔