Friday, September 20, 2024
ہومپاکستانچین کی غربت کے خلاف مکمل کامیابی بہت بڑا کارنامہ ہے،منیر اکرم

چین کی غربت کے خلاف مکمل کامیابی بہت بڑا کارنامہ ہے،منیر اکرم

واشنگٹن(اشتیاق احمد ،بیوروچیف)پاکستان نے چین کو اقوام متحدہ کے طے کردہ شیڈول سے 10 سال پہلے غربت کے خاتمے کے ہدف کے حصول پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چین کی غربت کے خلاف مکمل کامیابی بہت بڑا کارنامہ ہے ۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے گزشتہ روز اقوام متحدہ میں چینی مشن کی جانب سے چین میں غربت کاخاتمہ ،پائیدار ترقی کے لیے 2030 کے ایجنڈا پر عملدرآمد کے موضوع پر ورچوئل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلے ایسا کبھی نہیں ہوا کہ کسی ملک میں 35 سال کے عرصے میں 770 ملین افراد کو انتہائی غربت سے نکالا گیا ہو۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کے اعدادوشمار سے ظاہر ہے کہ 1970 کی دہائی کے اختتام سے چین نے اس عرصے کے دوران غربت میں عالمی سطح پر 70 فیصد سے زیادہ کمی کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ جو میرے خیال میں غربت کے خاتمے کے لیے چین کی بہت بڑی کامیابی ہے اور یہی نہیں بلکہ چین نے انسانی حقوق ، سماجی اور پائیدار ترقی کو فروغ بھی دیا ہے۔منیر اکرم نے چین کی غربت کے خاتمے کی کوششوں کے تناظر میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ترقی پزیر ممالک کے لیے غربت کے خاتمے کے لیے چین کے تجربے سے رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کہا کہ جیسا کہ چینی صدر ژی جن پنگ نے کہا کہ چین کا بیلٹ اینڈ روڈ اور اس کا فلیگ شپ اپک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)منصوبہ پاکستان اور چین کی مشترکہ خوشحالی کی مثال ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ہمارے غربت کے خاتمے کے لیے ہر سطح پر دوہری قومی کوششوں اور بین الاقوامی تعاون درکار ہے اور انسانیت کے بہتر مشترکہ مستقبل کے لیے کوششیں کرنا ہوں گی۔ پاکستانی مندوب کے خطاب کے بعد چینی سفارتکار زانگ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ غربت کا خاتمہ سب سے بڑا انسانی حق ہے اور چین میں غربت کے خاتمے کے ہدف کا حصول چینی عوام مجموعی کوششوں اور چین کی مضبوط سیاسی قیادت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ واضح رہے کہ چین کے صدر ژی جن پنگ نے 25 فروری کو اعلان کیا تھا کہ چین نے غربت کے خلاف جنگ میں مکمل کامیابی حاصل کر لی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔