Tuesday, September 17, 2024
ہومپاکستانبھارتی طیارے کی تباہی کو دو سال مکمل ،سردار تنویر الیاس 27فروری کومنعقدہ تقریب میں شرکت سے آزاد کشمیر میں سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے

بھارتی طیارے کی تباہی کو دو سال مکمل ،سردار تنویر الیاس 27فروری کومنعقدہ تقریب میں شرکت سے آزاد کشمیر میں سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے

اسلام آباد،پاکستان فضائیہ کی طرف سے 27 فروری 2019 کو بھارتی فوجی طیارے گرانے اور ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنے کے یادگار دن کو منانے کیلئے آزادکشمیر میں پونچھ کے ڈویثرنل ہیڈ کوارٹر راولاکوٹ میں جلسہ عام اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی و پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سردار تنویر الیاس خان اس تقریب میں طور خاص شرکت کرتے ہوئے آزادکشمیر میں اپنی سیاسی سرگرمیوں کا باضابطہ آغاز بھی کریں گے۔ راولاکوٹ میں سردار تنویر الیاس خان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق 27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فضائیہ کی در اندازی کو ناکام بناتے ہوئے 2 بھارتی طیارے مار گرائے تھے ایک طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا اور دوسرا طیارہ آزادکشمیر کی حدود میں گرا تھا اور بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن کو گرفتار کیا گیا تھا جس کو وزیر اعظم عمران خان نے خطے میں امن کا پیغام دیتے ہوئے جذبہ خیر سگالی کے تحت اس جنگی قیدی پائلٹ کو بھارت کے حوالے کردیا تھا۔ وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی سردار تنویر الیاس خان نے 27 فروری کی مناسبت سے راولاکوٹ میں ہونے والے عوامی اجتماع اور تقریب کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 27 فروری کو پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں نے اپنی پروفیشنل مہارت کے ذریعے بھارت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ملکی سرحدوں کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی طیارے مار گرائے تھے اور پوری دنیا گواہ ہے کہ بھارت جیسے مضبوط ملک کو ہماری مسلح فورسز نے بری طرح شکست دی تھی لہذا اس دن کو آزادکشمیر میں منانے کا مقصد پاکستان کی بہادر افواج اور قومی سلامتی کے اداروں اور پاکستانی عوام کو خراج تحسین پیش کرنا اور بھارت کو یہ پیغام دینا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر کی آزادی تک پوری پاکستانی قوم اور اسک کے ادارے کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ جہاں پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی بات ہو وہاں پوری پاکستانی قوم وزیر اعظم عمران خان اور اپنی مسلح افواج کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، بھارت سمیت کوئی بھی ملک یہ جرات نہیں کر سکتا کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے، ایسی آنکھ جو ہمارے ملک کی طرف دیکھے گی وہ آنکھ نوچ کر نکال لی جائے گی۔ ہم بھارت سمیت پوری دنیا کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ کوئی ملک پاکستان سے سائز میں یا فوج کی تعداد میں کتنا ہی بڑا ہی کیوں نہ ہو ، وہ ملک کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانے سے پہلے یہ ذہن میں ضرور رکھ لے کہ کلمہ طیبہ پڑھنے والے اور ماننے والے اس کی وہ حالت کر دیں گے کہ وہ دنیا میں ایک عبرت ناک مثال بن جائے گی۔ سردار تنویر الیاس خان نے مزید کہا کہ پاکستان کی بری، بحری اور فضائیہ فورسز نے بہترین انداز میں ملک پاکستان کی حفاظت کی ہے اور ملک کیلئے کبھی بھی جانی قربانی دینے سے گریز نہیں کیا، 27 فروری کے دن ہم عوامی اجتماع میں پاکستان کی عوام اور مسلح افواج اور تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کریں گے اور دشمن طاقتوں کو یہ پیغام دیں گے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے تمام لوگ اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔