گلگت بلتستان کے خوبصورت پہاڑوں میں واقع پسان کرکٹ سٹیڈیم جلد میگا کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا، پسان کرکٹ اسٹیڈیم کے نام سے معروف یہ میدان دنیا کا بلند ترین قدرتی اسٹیڈیم ہے جو بلند و بالا راکاپوشی کے سائے میں واقع ہے۔
یہ سٹیڈیم قراقرم ہائی وے سے صرف 40منٹ کے فاصلے پر واقع ہے،سطح سمندر سے 8400 فٹ بلندی پر ہے۔سٹیڈیم کے آس پاس کے سرسبز و شاداب میدان اور دلکش مناظر دیکھنے کے قابل ہیں۔ ملحقہ گلیشیئر، ہائیکنگ ٹریک اور پہاڑی مناظر ہائیکرز اور کوہ پیماں کے لیے بہترین ہیں۔گلگت میں اس کے علاوہ بھی کئی خوبصورت کرکٹ کے میدان موجود ہیں مگر پسان کرکٹ سٹیڈیم اپنے محل و وقوع کی وجہ سے انفرادی حیثیت رکھتا ہے،یہ سٹیڈیم کئی بہترین مقابلوں کی میزبانی کر چکا ہے
پسان کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد ہونے والے کرکٹ مقابلے کے حوالے سے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی نے کہا ہے کہ ہم اس ٹورنامنٹ کے ذریعے گلگت میں جہاں سیاحت کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں وہیں پسان کرکٹ سٹیڈیم کی خوبصورتی کو بھی اجاگر کر رہے ہیں۔ یہ ایک انتہائی مقبول سیاحتی مقام بننے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہم اسے قومی اور بین الاقوامی کھیلوں/سیاحتی برادری کے ریڈار پر لانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ہمیں امید ہے یہ سٹیڈیم پاکستان بھر کے شائقین ،سیاحوں کو کسی صورت مایوس نہیں کرے گا۔

