Thursday, July 18, 2024
ہومپاکستانوادی نیلم کی بڑی سماجی و روحانی شخصیت میاں محمد شفیق کی پی ٹی آئی میں شمولیت، چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے خصوصی ملاقات

وادی نیلم کی بڑی سماجی و روحانی شخصیت میاں محمد شفیق کی پی ٹی آئی میں شمولیت، چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے خصوصی ملاقات

اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر سے کلیدی سیاسی، سماجی و مذہبی شخصیات کی تحریک انصاف میں شمولیت کا سلسلہ جاری ،وادی نیلم کی بڑی سماجی و روحانی شخصیت میاں محمد شفیق تحریک انصاف کا حصہ بن گئے، چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے خصوصی ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور تحریک انصاف کے منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا،میاں محمد شفیق وادی نیلم کی بڑی روحانی خانقاہ جھاگ شریف سے وابستہ ہیں، وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید اور تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری اس موقع پر موجود تھے۔ تحریک انصاف سٹیئرنگ کمیٹی برائے آزاد جموں و کشمیر کے اراکین نعمان شاہ اور راجہ منصور خان سمیت گورننگ باڈی اراکین بھی شمولیتی تقریب میں شریک تھے۔ میاں محمد شفیق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور تحریک انصاف کے منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں،وزیراعظم عالمی افق پر اسلام اور اہلِ کشمیر کے حق میں نہایت توانا آواز بن کر ابھرے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا تصورِ ریاستِ مدینہ زوال پذیر ملت کیلئے نشانِ روشن کی حیثیت اختیار کرچکا ہے، اپنے قائد کے پیغام کی ترویج کیلئے تمام توانائیاں صرف کریں گے، وادی نیلم ہی نہیں آزاد جموں و کشمیر میں تحریک انصاف کی توسیع و ترویج کی کاوشوں میں بڑھ چڑھ کر شریک ہوں گے۔چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ نیازی نے کہا کہ محمد شفیق کی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہیں، عالمِ اسلام اندرونی و بیرونی طور پر کڑی آزمائش سے دوچار ہے، باہمی اختلافات اور مسلم حکمرانوں کی دہائیوں پر محیط غفلت سے عالمی سطح پر اہلِ اسلام کے رسوخ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے تدارک سے مظلوم مسلمان آبادیوں خصوصا اہلِ کشمیر کو کرب سے نکالنے کیلئے مثر حکمت عملی کا فقدان امت کیلئے سوہانِ روح بنا رہا، وزیراعظم عمران خان نے اقوام عالم کو بالعموم اور مسلم برادری کو بالخصوص جھنجوڑا ہے، وزیراعظم کی کاوشوں کی بدولت آج اسلاموفوبیا سے نجات اور اہلِ کشمیر کے حقِ خودارادیت کیلئے عالمی رائے عامہ میں مثبت آثار نمایاں ہورہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کی طرز پر جدید اسلامی فلاحی ریاست کی تشکیل کا ہدف حاصل کریں گے اور اسلام کا صحیح تشخص بھی دنیا پر اجاگر کریں گے، حقِ خودارادیت کے حصول تک اہلِ کشمیر کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے، اس سے قبل ہجیرہ سے مسلم لیگ نواز کے مرکزی نائب صدر سردار ارزش تحریک انصاف میں شامل ہو چکے ہیں۔ سدھنوتی سے پیپلزپارٹی کے سابق وزیر سردار اختر ربانی کے صاحبزادے سردار فہیم اختر ربانی بھی تحریک انصاف کا حصہ بن چکے ہیں وادء جہلم سے مسلم کانفرنس کے صفِ اول کے رہنما اور سابق وزیر دیوان چغتائی بھی کپتان کے قافلے میں شامل ہوچکے ہیں مظفرآباد سے سابق وزیر چوہدری رشید اور میر عتیق احمد بھی تحریک انصاف کے کاروان میں شمولیت کے اعلانات کرچکے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔