Tuesday, May 19, 2026
ہومپاکستانپی ٹی آئی کا شہباز گل کی گرفتاری کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کا شہباز گل کی گرفتاری کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شہباز گل کی گرفتاری کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے قانونی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
شہباز گل کی بنی گالہ کے باہر سے گرفتاری کے بعد عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی قیادت کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں ڈاکٹر شہباز گل کی گرفتاری کے بعد کی صورت حال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں موجودہ صورتحال میں پی ٹی آئی کی حکمت عملی پر مشاورت اور پی ٹی آئی قانونی ٹیم کی رہنماوں کی گرفتاریوں پر عدالت سے رجوع کرنے سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل اسلام آباد سے گرفتار
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ فیصل چوہدری شہباز گل کے مقدمے میں معاونت کریں گے۔
اجلاس کے شرکا کے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ حکومت فاشزم پر اتر آئی ہے، سیاسی کارکنان کے ساتھ غیر جمہوری رویہ اختیار کیا جا رہا ہے، حکومت کے اس فاشسٹ رویہ کوکسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی طاقت ہمارے ساتھ، کسی سے ڈرنے والے نہیں، امپورٹڈ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں، شہباز گل کی گرفتاری پی ٹی آئی کا ایف آئی اے سے رجوع کریں گے۔
تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی مشاورتی بیٹھک میں تحریک انصاف کے کارکنوں کو کسی بھی کال کے لئے تیاررہنے کی ہدایت کردی گئی جبکہ کارکنان کو ہر گھڑی اور وقت ایک کال پر باہر آنے کا حکم دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر حکومت نے عمران خان کی گرفتاری کی کوشش کی تو ہر فارم پر شدید و سخت ردعمل دیا جائے گا، انتقامی کارروائی کا بھرپور سیاسی اور قانونی محاذ پر مقابلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق شہباز گل کی گرفتاری اور نئی صورت حال کے بعد عمران خان تیرہ اگست کو آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے کارکنان کو کچھ اہم ہدایات کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنان 13 اگست کی تیاری کریں، جلسہ ہر صورت ہوگا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کون سے ایسے جرائم کئے ہیں شہباز گل نے جو اس کی گاڑی توڑی گئی اور تشدد کیا گیا، آج سارا میڈیا سوائے اس کے جو بک گیا ہے آزادی اور سالمیت کی جنگ لڑ رہا ہے، بغاوت اور دہشت گردی کیا جو بھی الزام دیں گے ہمیں قبول ہو گا، آج جس طرح سے ریاستی دہشتگردی کی گئی ہے اس نے پاکستان بننے کی یاد تازہ کر دی۔
انہوں نے کہا کہ اپنی کرپشن اور منی لاڈرنگ چھپانے کے لئے آپ نے جو کچھ کیا اس کا حساب دینا پڑے گا، اس سے پہلے بھی ڈکٹیٹر طرح طرح کے کام کر رہے تھے ہم نے دیکھا، جس طرح عمران خان اپنے کارکنان کو کال دیں گے سب حاضر ہوں گے، ہمارے حوصلے پست نہیں ہو سکتے، ہم عمران خان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑے ہیں۔
فیصل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز گل کے کپڑے پھاڑے گئی، نامعلوم لوگ آئے اور لے گئے، ہم اس اغوا کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے جا رہے ہیں جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست بھی دائر کریں گے۔ 5مختلف تھانوں کے چکر لگانے کے بارجود شہباز گل کا پتہ نہیں دیا گیا اور ہر تھانے سے گرفتاری سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔