امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے البوکرکی میں نفرت پر مبنی قتل کی حالیہ لہر میں چار قیمتی جانوں ، جن میں ایک پاکستانی بھی شامل ہے کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ سفیر پاکستان کی جانب سے نفرت پر مبنی اس جرم کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو پاکستانی سفارت خانہ واشنگٹن اور کونسلیٹ جنرل ہیوسٹین کی جانب سے ہر ممکنہ معاونت کی یقین دہانی کرائی ۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ ہم امریکی صدر جو بائیڈن، نائب صدر کاملا ہیرس اور گورنر نیو میکسیکو مشیل گریشم کے اس واقعے کے خلاف پرزور بیان پر مشکور ہیں کہ جن میں انہوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ امریکہ میں ایسے نفرت پر مبنی حملوں کی کوئی جگہ نہیں ہے ،صدر بائیڈن نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ انہیں البوکرکی میں چار مسلمانوں کے اندوہ ناک قتل پر غم وغصہ ہے۔ ہمیں تحقیقات کا انتظار ہے ۔ ہماری دعائیں متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ ہیں اور میری انتظامیہ مسلم کمیونٹی کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت پر مبنی حملوں کی امریکہ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
نائب صدر کاملا ہیرس نے اپنے ٹویٹس میں ان واقعات کو گھنانے قرار دیتے ہوئے کہا پرزور طریقے سے کہا ہمارا موقف واضح ہے ۔ ہم نیو میکسیکو اور ملک بھر کی مسلم کمیونٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے بھی اس بات کا اعادہ کیا کہ امریکہ میں ایسے جرائم کی کوئی جگہ نہیں ہے ۔نیو میکسیکو کی گورنر مشیل لوجان گریشم نے اپنے ٹوئیٹس میں کہا کہ البوکرکی کے مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے واقعات ناقابل برداشت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ البوکرکی پولیس اور ایف بی آئی کی مدد کے لیے مزید ریاستی پولیس افسران بھجوا رہی ہیں تاکہ اس جرم میں ملوث مجرمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں وہ البوکرکی اور گریٹر نیو میکسیکو کی مسلم کمیونٹی کی سپورٹ کے لیے ہر ممکنہ قدم اٹھائیں گی۔
اپنی ٹوئیٹ میں انہوں نے مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نیو میکسیکن ہیں اور ہم یہاں آپ کو خوش آمد کہتے ہیں ۔ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ نفرت اور عدم برداشت کی لہر سے محض کوئی ایک خطہ ہی نہیں بلکہ پوری دنیا متاثر ہے ۔ ایسے اقدامات کے خلاف مضبوط عزم اور ان واقعات میں ملوث افراد کو انصاف تک لانے کیلیے موثر اقدامات سے نہ صرف ان جرائم کی لہر کو روکا جاسکے گا بلکہ کمزورکمیونٹیز کا اعتماد بحال ہوگا۔پاکستانی سفیر نے امید ظاہر کی کہ نیو میکسیکو کی پولیس ملوث افراد کو گرفتار کرنے اور انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے ہر ممکنہ اقدام اٹھائے گی۔
امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان کی البوکرکی میں نفرت پر مبنی قتل کی حالیہ لہرکی مذمت
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
