ہومپاکستانچودھری برادران میں اختلافات، ق لیگ اسمبلیوں میں بھی تقسیم

چودھری برادران میں اختلافات، ق لیگ اسمبلیوں میں بھی تقسیم

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) چودھری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی کے اختلافات کی وجہ سے مسلم لیگ ق ایوانوں میں بھی تقسیم ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ق کے بیشتر ارکان کی حمایت چودھری شجاعت حسین کو اور پنجاب اسمبلی میں چودھری پرویز الٰہی کو حاصل ہے۔چودھری وجاہت حسین کے صاحبزادوںحسین الٰہی اور موسیٰ الٰہی نے بھی خاندانی پارٹی کو خیر باد کہہ کر مستقبل کی سیاست کا فیصلہ مونس الٰہی کی صوابدید پر چھوڑ دیا ہے۔چودھری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی کے درمیان سیاسی فاصلے سامنے آنے کے بعد اُن کے ہم خیال بھی تقسیم ہوگئے ہیں۔قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ق کے پانچ اراکین اسمبلی موجود ہیں ان میں چودھری سالک حسین ، طارق بشیر چیمہ اور فرخ خان ،چودھری شجاعت حسین کے ساتھ جبکہ مونس الٰہی اور چودھری حسین الٰہی، پرویز الٰہی کے ساتھ ہیں۔یہ تقسیم صوبائی اسمبلی پنجاب میں بھی ہے مگر پنجاب میں چودھری پرویز الٰہی کا پلڑا بھاری ہے کیونکہ انہیں باؤ رضوان، عبداللہ وڑائچ، سعادت نواز، ساجد بھٹی اور خدیجہ عمر فاروقی کی حمایت حاصل ہے۔طارق بشیر چیمہ گروپ کے ڈاکٹر افضل چودھری شجاعت حسین کی حمایت کر رہے ہیں۔ عمران خان حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر چودھری خاندان میں اختلافات پیدا ہوئے تھے۔ مصالحت نہ ہوئی تو ایک دوسرے کو پارٹی سے نکالنے کی نوبت آسکتی ہے۔ اس کے لیے الگ الگ اجلاس بلائے جا سکتے ہیں۔گجرات کے بڑے سیاسی خاندان میں دوریاں ختم کرانے کے لیے چودھری خاندان کے پرانے رفقاء نے ایک بار پھر کوششیں تیز کر دی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سیاسی اختلافات کو فوری طور پر ختم نہ کیا گیا تو چوہدری خاندان کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔