ہومپاکستانتحریک عدم اعتماد سے ایک رات پہلے مارشل لاء کی دھمکی دی گئی، بلاول

تحریک عدم اعتماد سے ایک رات پہلے مارشل لاء کی دھمکی دی گئی، بلاول

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے انکشاف کیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد سے ایک رات پہلے انہیں فوری الیکشن یا پھر مارشل لاء کی دھمکی دی گئی۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ناکامی اور نااہلی کی وجہ سے سابق حکمران کو جمہوری طریقے سے ہٹایا گیا اور ہم جمہوری انداز میں اپوزیشن سے اٹھ کے حکومتی بینچز پر بیٹھے ہیں، کیا کوئی سوچ سکتا تھا ہم سب اتحادی حکومت میں ایک ساتھ ہونگے، ہم نے کیوں یہ وزن اپنے کندھوں پر لیا ہے؟ یہ حالات اس وقت بنتے ہیں جب ملک و قوم بحران کا سامنا کررہے ہیں ، جنگ اور ایمرجنسی جیسے حالات ہوں تو پھر سیاسی اختلاف کو ایک طرف رکھ کر ایسا اقدام اٹھاتے ہیں۔بلاول نے کہا کہ آج ہر طرف دیکھیں بحران ہی بحران ہے، اپوزیشن کے دور میں جو حالات دیکھے، اس سے بھی بدترین نظر آتے ہیں کیونکہ سابق حکمرانوں نے اندازہ سے زیادہ تباہی کی، عمران خان، صدر پاکستان اور اسپیکر ، ڈپٹی اسپیکر 3 سے 9 اپریل سے آج تک آئین پر حملے کررہے ہیں، ہمارے جمہوری اقدام کا مقابلہ کرنے کی بجائے اس نے جمہوریت پر حملہ کیا، ایک کمیشن بنایا جائے تاکہ جائزہ لیا جائے کہ کون کون آئین کی خلاف ورزی میں شامل تھا۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے جمہوری مقابلے سے بھاگتے ہوئے جمہوریت پر حملہ کیا، عوام سمجھتے ہیں کہ سابق حکمرانوں اور ذمہ داران کو احتساب کے کٹہرے میں لایا جائے، سابق وزیراعظم سمجھتا ہے کہ وہ کوئی مقدس گائے ہے اور ملک کے کونے کونے میں پھر رہا ہے، ایسے حملے کررہا ہے جو ہمارے آئین کے خلاف، ہماری قومی سلامتی کے خلاف اور معاشی استحکام کے خلاف ہے ، وہ اس لئے خود کو مقدس گائے سمجھتا ہے کہ آج تک سلیکٹڈ کے خلاف کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران چاہتا ہے اصلاحات کے بغیر اس کی مرضی کے مطابق انتخابات کروائے جائیں، وہ ایسے حالات پیدا کرنا چاہتا ہے کہ کسی تیسری قوت کو موقع ملے، یہ حکمت عملی اس کی آج کی نہیں ہے، مجھے عدم اعتماد سے ایک رات پہلے بھی دھمکی دی گئی تھی کہ فوراً الیکشن مانیں یا مارشل لاء ہوگا، یہ دھمکی ایک وزیر کے ذریعے مجھ تک پہنچائی گئی تاکہ تحریک عدم اعتماد کو ٹھیس پہنچائی جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔