ہومبریکنگ نیوزحکومتی پالیسیوں پر اعتماد،موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ اپ گریڈ کر دی

حکومتی پالیسیوں پر اعتماد،موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ اپ گریڈ کر دی

اسلام آباد (آئی پی ایس )عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ Caa1 سے بڑھا کر B3 کر دی ہے، جبکہ پاکستان کی ریٹنگ کا آٹ لک مستحکم (Stable) برقرار رکھا ہے۔پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری ملکی معیشت اور قرضوں کی ادائیگی کی صلاحیت پر بڑھتے اعتماد کی عکاس ہے۔ B3 ریٹنگ پاکستان کی معاشی بحالی اور مالیاتی استحکام کی جانب ایک اور اہم پیشرفت ہے۔ماہرین کے مطابق عالمی ریٹنگ

ایجنسی کی جانب سے اپ گریڈ پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی اور مالیاتی پوزیشن کا اعتراف ہے۔ بہتر کریڈٹ ریٹنگ سے عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد اور بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں تک پاکستان کی رسائی میں بہتری کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ موڈیز کا تازہ فیصلہ پاکستان کے معاشی استحکام کے سفر میں ایک اہم مثبت پیشرفت ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ Caa1 سے بڑھا کر B3 کرنے پر قوم کو مبارکباد دی ہے اور پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کا خیرمقدم کیا ہے۔وزیراعظم نے حکومتی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور تمام متعلقہ وزرا و حکام اس امر کے لیے لائق تحسین ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کا اعتراف خوش آئند ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، بین الاقوامی اداروں کی جانب سے ریٹنگ میں بہتری اس کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے معیشت کو مستحکم کرنے اور بیرونی شعبے میں بہتری کے لیے مثر اقدامات کیے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کے لیے حکومت کی مسلسل محنت اور اصلاحات کے نتیجے میں عالمی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے حکومت اصلاحات کا عمل مزید تیز کرے گی۔وزیراعظم نے کہاکہ ہماری منزل پاکستان کو ایک مضبوط، خودکفیل اور پائیدار معیشت بنانا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔