لاہور(سب نیوز)اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں تباہی کا سونامی ترقی اور خوشحالی کو بہا کر لے گیا ہے،پنجاب حکومت کا بوریا بستر آئینی و قانونی طریقے سے گول کریں گے۔پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کروانے پر اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز شریف نے اپنے جاری میں بیان میں کہا کہ پنجاب اسمبلی میں بھی تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی گئی ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام کا ساڑھے تین سالوں میں ہونے والے استحصال کا حساب لینے کا وقت آ گیا ہے، پنجاب میں تباہی کا سونامی ترقی اور خوشحالی کو بہا کر لے گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو سبز باغ دکھا کر لوٹنے والوں سے آٹے ،چینی، گھی ،بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں کا حساب لیں گے، کنٹینر پر چڑھ کر اول فول باتیں کرنے والا شخص نجانے کس ملک کی معاشی کامیابیوں کا ذکر کر رہا تھا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان اور اس کے ٹولے کے خلاف کوئی عالمی سازش نہیں ہو رہی، پنجاب کا کسان کھاد کے لئے دربدر پھر رہا تھا یہ تھی اصل سازش۔اپوزیشن لیڈر پنجاب نے کہا کہ بچوں کے منہ سے دودھ تک چھین لیا گیا یہ تھی اصل سازش، معیشت کے ساتھ کھلواڑ اور معاشرتی اقدار کی دھجیاں اڑانا اصل سازش تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ جائز آئینی و قانونی راستہ اپنا کر پنجاب کی کٹھ پتلی سرکار کا بوریا بستر گول کریں گے۔
