رحیم یار خان (مانیٹرنگ ڈیسک )رحیم یار خان میں گاڑی نہر میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوگئے،پانچ میتوں کو نہر سے نکال لیا گیا ہے جبکہ 2 کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح رحیم یار خان کے علاقے خانپور میں کوٹ سمابہ کے قریب 86 پل کے مقام پر گنے کی ٹریکٹر ٹرالیوں کی وجہ سے کئی گھنٹوں سے سڑک بند تھی۔حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی نے متبادل راستہ اختیار کیا اور کچے کے باعث گاڑی نہر میں جاگری۔
واقعے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔حادثے کا شکار ہونے والے خاندان کا تعلق خانپور کے علاقے محلہ ٹھٹھاراں سے ہے اور وہ رحیم یار خان سے خانپور جارہے تھے۔جاں بحق ہونے والوں میں 21 سالہ فیضان رفیق،18 سالہ ارسلان رفیق،15 سالہ عرفان رفیق،10 سالہ مشتاق،8 سالہ مبشر،35 سالہ رابعہ بی بی اور 55 سالہ مرسلین شامل ہیں۔ متاثرہ خاندان کے عزیز واقارب نے حادثہ کا ذمہ دار متعلقہ انتظامیہ اور ہائی وے پولیس کو قرار دیا جبکہ انتظامیہ اور پولیس کا کہنا ہے کہ سڑک بند ہونے کی انہیں اطلاع نہیں دی گئی تھی
تاہم ریسکیو نے جدوجہد کرکے لاشیں اور گاڑی نہر سے نکال لی۔حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثا نے محکمہ انہار کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاجی افراد نے نواں کوٹ چوک میتیں رکھ کر بند کردیا۔احتجاج کرنے والوں کا کہنا تھا کہ 2 میتیں تاحال نہر سے نہیں نکالی گئی ہیں اورمحکمہ انہار نہر میں پانی کی سطح کم نہیں کررہا ہے جس کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔انھوں نے کہا کہ جب تک نہر میں پانی کم نہیں کیا جاتا احتجاج جاری رہے گا۔
