ہومپاکستانفیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے وژن نے پاکستان کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلایا، پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے اجلاس سے خطاب

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے وژن نے پاکستان کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلایا، پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے اجلاس سے خطاب

راولپنڈی (غلام مصطفیٰ بھٹی) پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے چیف آرگنائزر اور میڈیا کوآرڈینیٹر عزیز احمد اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر عزت و وقار اور نمایاں مقام دلانے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا وژن، ان کی دن رات کی محنت اور کاوشیں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ترکی اور سعودی عرب کے معزز مہمانوں کی پاکستان آمد خوش آئند ہے، پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی ان کا خیرمقدم کرتی ہے۔

پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عزیز احمد اعوان نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاکستان کا سرمایہ، اثاثہ اور محسن ہیں، قوم ان کی خدمات کو ہمیشہ عزت و احترام کی نظر سے دیکھے گی۔ ان کے وژن کے تحت پاکستان عالمی سطح پر مزید نمایاں ہوگا اور معاشی ترقی کی نئی منزلیں طے کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی سے پاک اور امن کا گہوارہ بنانے کے لیے جاری کوششیں ضرور کامیاب ہوں گی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عالمی امن کے لیے کاوشیں بھی مثبت نتائج سامنے لائیں گی اور پاکستان دنیا میں امن و استحکام کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

عزیز احمد اعوان نے افواج پاکستان اور فیلڈ مارشل کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان اور قومی اداروں کے خلاف منفی مہم چلانے والے ملک کی ترقی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی ایسے اقدامات کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ان شاء اللہ قائداعظم محمد علی جناح کے خواب کے مطابق ترقی اور خوشحالی کی منزل کی جانب گامزن ہوگا اور قومی اتحاد و یکجہتی کے ذریعے ملک کو مضبوط بنایا جائے گا۔

اجلاس میں وائس پریزیڈنٹ بریگیڈیئر ذوالفقار شاہین، سیکرٹری خالد قاضی، ممتاز بزنس مین صابر عباسی، ظفر محمود چوہدری، بیرسٹر سندس ملک سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ اجلاس میں سینئر صحافیوں، روحانی شخصیت، اسکالر اور ایجوکیشن ڈاکٹر بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔