ہومپاکستانچیئرمین پاکستان انٹرنیشنل ہیومین رائیٹس آرگنائزیشن حبیب ملک اورکزئی کا ضلع کرم کو جنوبی پختونخوا کا ہیڈکوارٹر بنانے کا مطالبہ

چیئرمین پاکستان انٹرنیشنل ہیومین رائیٹس آرگنائزیشن حبیب ملک اورکزئی کا ضلع کرم کو جنوبی پختونخوا کا ہیڈکوارٹر بنانے کا مطالبہ

اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے چیئرمین اور معروف سماجی رہنما حبیب ملک اورکزئی نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع کرم کی جغرافیائی، تجارتی، سیاحتی اور معدنی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے جنوبی پختونخوا کا ہیڈکوارٹر بنایا جائے، کیونکہ یہ علاقہ اپنے منفرد محل وقوع کی بدولت وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارتی روابط اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہم گیٹ وے ثابت ہو سکتا ہے۔

اپنے ایک بیان میں حبیب ملک اورکزئی نے کہا کہ ضلع کرم قدرتی وسائل، خوبصورت وادیوں، سرسبز پہاڑوں، خوشگوار موسم اور اہم جغرافیائی محل وقوع کے باعث غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ ضلع کرم جنوبی اضلاع کے وسط میں واقع ہے، اس لیے اسے جنوبی پختونخوا کا انتظامی مرکز بنانے سے نہ صرف اس علاقے کی اہمیت میں اضافہ ہوگا بلکہ جنوبی اضلاع کے عوام کو بھی انتظامی اور سرکاری سہولیات تک رسائی میں آسانی پیدا ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھیعلاقیکی ترقی کے لیے اس کے جغرافیائی محل وقوع اورقدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ کرنا ضروری ہوتا ہے۔ضلع کرم میں یہ تمام امکانات موجود ہیں، تاہم ضرورت اسامر کی ہے کہ حکومت اس خطے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اسے ترقیاتی منصوبوں میں خصوصی ترجیح دے اور یہاں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کرے۔حبیب ملک اورکزئی کا کہنا تھا کہ ضلع کرم کو جنوبی پختونخوا کا ہیڈکوارٹر بنانے سے علاقے میں تجارتی سرگرمیوں کو نئی جہت مل سکتی ہے۔ بہتر سڑکوں، مواصلاتی نظام، تجارتی مراکز اور سرحدی تجارت کے لیے ضروری سہولیات کی فراہمی سے یہ خطہ وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ کاروبار کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس سے مقامی تاجروں، صنعت کاروں، سرمایہ کاروں اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور علاقے کی معاشی حالت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کرم سیاحت کے حوالے سے بھی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے۔ یہاں کی قدرتی خوبصورتی، بلند و بالا پہاڑ، دلکش وادیاں اور خوشگوار آب و ہوا سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ اگر حکومت سیاحتی مقامات تک رسائی کے لیے سڑکوں کی تعمیر و مرمت، ہوٹلوں، ریسٹ ہاسز، مواصلاتی سہولیات اور سیاحوں کے تحفظ کے لیے مناسب انتظامات کرے تو ضلع کرم کو ملک کے اہم سیاحتی مراکز میں شامل کیا جا سکتا ہے۔سماجی راہنما نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے نہ صرف مقامی آبادی کو معاشی فائدہ پہنچے گا بلکہ ہوٹلنگ، ٹرانسپورٹ، کاروبار، دستکاری اور دیگر شعبوں میں بھی روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس کے علاوہ ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے سیاح ضلع کرم کی ثقافت، روایات، مہمان نوازی اور قدرتی حسن سے روشناس ہو سکیں گے۔انہوں نے ضلع کرم کے معدنی وسائل کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں موجود معدنی ذخائر سے استفادے کے لیے جدید تحقیق، منصوبہ بندی اور سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ اگر حکومت معدنی شعبے میں ترقیاتی منصوبے شروع کرے اور مقامی لوگوں کو بھی ان منصوبوں میں شریک کیا جائے تو یہ وسائل علاقے کی معاشی ترقی اور ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔حبیب ملک اورکزئی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ضلع کرم کی ترقی کے لیے امن و امان کا قیام، سڑکوں کی بحالی، بجلی، صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی بڑے تجارتی یا سیاحتی منصوبے کی کامیابی کے لیے امن، سرمایہ کاروں کا اعتماد اور جدید انفراسٹرکچر بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔انہوں نے صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان، عسکری قیادت اور تمام متعلقہ حکومتی حکام سے پرزور مطالبہ کیا کہ ضلع کرم کی جغرافیائی، سیاحتی، معدنی اور تجارتی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے جنوبی پختونخوا کا ہیڈکوارٹر بنانے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے اور اس مقصد کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ ضلع کرم کو مناسب انتظامی حیثیت اور ترقیاتی توجہ ملنے سے یہ علاقہ نہ صرف جنوبی اضلاع کی ترقی کا مرکز بن سکتا ہے بلکہ مستقبل میں وسطی ایشیا کے ساتھ تجارتی روابط، سیاحت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔