اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کا دائرہ کار ملک گیر سطح پر وسیع کر کے اسے “پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ” بنا دیا گیا ہے ، “پاکستان دانش اتھارٹی” کے قیام کے ذریعے ملک بھر کے غریب ترین طبقے کے بچوں کے لیے معیاری تعلیمی ادارے قائم کیے جا رہے ہیں، وسائل سے محروم مستحق طلبہ کو دنیا کی ٹاپ 50 یونیورسٹیوں میں سکالرشپس دے رہے ہیں۔وہ جمعرات کو ہی این سی اے میں منعقدہ ویسٹ منسٹر سکول کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔
رانا مشہود احمد خان نے تعلیمی تسلسل پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ 2010 میں بطور وزیرِ اعلی پنجاب شہباز شریف نے ملک کی پہلی یوتھ پالیسی دی تھی، جس کے تحت دانش اسکولز، ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ اور آسان قرضوں کی بنیاد رکھی گئی، جبکہ 2013 میں اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے لیپ ٹاپ اسکیم کو وفاقی سطح پر متعارف کرایا۔ اب وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اسی وراثت کو آگے بڑھاتے ہوئے تمام تعلیمی و فلاحی منصوبوں کو قومی سطح پر وسعت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہم بانیانِ پاکستان کے اصل وژن سے بھٹک گئے تھے، تاہم اب نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور مثبت پلیٹ فارم فراہم کر کے قیامِ پاکستان کے وعدوں کو پورا کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس معرکہ حق “بنیان مرصوص” میں پاکستان نے نہ صرف عسکری محاذ پر فتح حاصل کی بلکہ ہمارے نوجوانوں نے ٹیکنالوجی کے میدان میں بھارتی نظام کو مفلوج کر کے دنیا کو حیران کر دیا، جس کے بعد عالمی منڈی میں پاکستانی ہنرمند نوجوانوں کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام نے حکومت کے فلیگ شپ منصوبے “ڈیجیٹل یوتھ ہب” کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ بطور سربراہ کمیٹی برائے پیداواری روزگار ملک سمیت دنیا بھر میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب پر اب تک 10 لاکھ سے زائد نوجوان اور 2400 سے زیادہ ملکی و غیر ملکی کمپنیاں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں، جبکہ دنیا بھر میں موجود 129 پاکستانی سفارتی مشنز روزگار، گرین اکانومی اور اسکالرشپس کے مواقع براہِ راست اس پورٹل پر فراہم کر رہے ہیں۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ نوجوانوں کے اسٹارٹ اپس کے لیے نیشنل انوویشن ایوارڈ کے ذریعے فنڈز اور سازگار ماحول جبکہ پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت آسان قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ تقریب میں ڈائریکٹر ویسٹ منسٹر اسکول، سی ای او راحیل سجاد خان، پرنسپل شگون عرفان، بیرسٹر دانیال چوہدری سمیت اساتذہ، والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔
