ہومپاکستانحمزہ شہباز شریف کی امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر سے ملاقات، پاک امریکا تعلقات اور زرعی تعاون پر گفتگو

حمزہ شہباز شریف کی امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر سے ملاقات، پاک امریکا تعلقات اور زرعی تعاون پر گفتگو

اسلام آباد (سب نیوز) رکن قومی اسمبلی اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز شریف نے اسلام آباد میں امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر سے ملاقات کی، جس میں پاک امریکا دوطرفہ تعلقات، خطے کی بدلتی صورتحال، پاکستان کے معاشی امکانات اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران حمزہ شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نٹالی بیکر کو پاکستان میں آئندہ امریکی سفیر نامزد کیے جانے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نٹالی بیکر کا سفارتی تجربہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی معاشی ترجیحات اور دوطرفہ تعاون کے مختلف امکانات پر بھی گفتگو کی، بالخصوص زرعی شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ اس سلسلے میں سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور زرعی شعبے کی جدید کاری کے ذریعے پیداوار میں اضافے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان کے بلدیاتی نظام اور مقامی حکمرانی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور ادارہ جاتی ترقی سے متعلق مختلف پہلوؤں پر خیالات کا تبادلہ ہوا۔

ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی، جس میں دونوں جانب سے پاک امریکا تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر امریکی سفارتخانے کی انٹرنل پولیٹکس یونٹ کی سربراہ ڈاکٹر کیرن اے گلوسر اور وزیراعظم آفس کے قانونی مشیر سید علی رضا بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔