ہومپاکستانپاکستان اور ترکیہ کے درمیان ڈیجیٹل میڈیا گورننس اور اسٹریٹجک کمیونیکیشنز میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ڈیجیٹل میڈیا گورننس اور اسٹریٹجک کمیونیکیشنز میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(سب نیوز) : وزیر مملکت / وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون نے جمہوریہ ترکیہ کے ایوانِ صدر کے اعلیٰ سطحی وفد کا خیرمقدم کیا۔ وفد کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر فرحت پیرنچی، ڈپٹی ہیڈ آف کمیونیکیشنز، کر رہے تھے۔ اس موقع پر پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر عزت مآب ڈاکٹر عرفان نیزیروغلو بھی موجود تھے۔

مذاکرات میں ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے، تجربات اور مہارتوں کے تبادلے اور دوطرفہ روابط کے نئے امکانات تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اہم موضوعات میں غیر مصدقہ اور گمراہ کن معلومات کا تدارک، آن لائن تحفظ کا فروغ، ڈیجیٹل ماحول میں بچوں کا تحفظ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے پیدا ہونے والے چیلنجز شامل تھے۔ فریقین نے ڈیجیٹل میڈیا ریگولیشن، ذمہ دارانہ آن لائن ابلاغ اور بدلتے ہوئے ڈیجیٹل منظرنامے سے نمٹنے کے لیے مؤثر ادارہ جاتی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

فہد ہارون نے اس امر پر زور دیا کہ ڈیجیٹل شعبے میں ذمہ دارانہ طرزِ حکمرانی، آن لائن شہریوں کا تحفظ اور غیر مصدقہ و گمراہ کن معلومات کا تدارک ایک محفوظ، قابلِ اعتماد اور جوابدہ ڈیجیٹل ماحول کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے ادارہ جاتی استعدادِ کار میں اضافے، ذمہ دارانہ ڈیجیٹل سرگرمیوں کے فروغ اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ترکیہ کے ساتھ قریبی روابط، ادارہ جاتی اشتراک اور مہارتوں و بہترین عملی تجربات کے تبادلے کے ذریعے کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترک وفد میں ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز، ایوانِ صدر ترکیہ کے شعبہ اسٹریٹجک کمیونیکیشنز و کرائسز مینجمنٹ کے سربراہ قاسم الیری سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل تھے۔

پاکستانی جانب سے چیئرپرسن پیمرا محترمہ امبرین جان، ایگزیکٹو ممبر پیمرا بیرسٹر سکندر چوہدری، میڈیا اداروں اور وزارتِ خارجہ کے نمائندے بھی شریک تھے۔

دونوں جانب سے اس خواہش کا اظہار کیا گیا کہ مسلسل رابطوں، قریبی ادارہ جاتی روابط اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مہارتوں کے تبادلے کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے، جو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستی اور برادرانہ تعلقات کی مضبوطی کا عکاس ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔