امریکی ایوان نمائندگان میں وزیرجنگ پیٹ ہیگسیتھ کیخلاف مواخذے کی قرارداد مسترد کردی گئی۔
ایوان میں پیٹ ہیگسیتھ کیخلاف مواخذے کی کوشش 204 کے مقابلے 211 ووٹوں سے ناکام بنا دی گئی۔
امریکی وزیر جنگ کے خلاف قرارداد ٹرمپ کی اپنی ہی ری پبلکن پارٹی کے رکن تھامس میسی نے پیش کی تھی، میسی نے ایران کیخلاف غیرقانونی جنگ کو مواخذےکی بنیاد بنایاتھا اور کہا تھا کہ پیٹ ہیگسیتھ نےکانگریس کو نظرانداز کیا اورجنگ کیلئے اختیارات کا غیر قانونی استعمال کیا۔
ہیگسیتھ پر ایران میں میناب اسکول پر امریکی حملے میں بچوں اور دیگر معصوم شہریوں کی شہادت کے الزامات عائد کیے گئے، کہا گیا کہ ہیگسیتھ نے امریکی آئین کی خلاف ورزی اور اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا۔
امریکی صدر نے کہا کہ وزیرجنگ پیٹ ہیگسیتھ کا مواخذہ کرنےکی کوشش بری طرح ناکام ہوگئی، سوائے ناکام ٹامس میسی کے ہر ری پبلکن نے پیٹ ہیگسیتھ کی حمایت میں ووٹ دیا، وینزویلا اور ایران میں کامیابیاں ملیں، ریکارڈ تعداد میں فوجیوں کی بھرتیاں ہوئیں۔
صدر ٹرمپ بولے پیٹ ہیگسیتھ کو ایوان نے بری کیا، ڈیموکریٹس امریکا کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں،انہیں روکا جانا چاہیے۔
مواخذے کی قرار داد سے قبل پیٹ ہیگسیتھ نے کہا تھا کہ مواخذے کی قرارداد اُن کا کچھ نہِیں بگاڑ سکتی، یہ کوشش تماشا ہے اور امریکا کے تمام فوجیوں کے خلاف سازش ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ امریکا کی تاریخ میں فوجی آپریشن کے دوران کسی وزیر جنگ کو معزول نہیں کیا گیا، فوجی کاروائی قانونی حیثیت رکھتی ہے۔
