ہومپاکستانپاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج انتظامات مزید بہتر بنانے کے اہم معاہدے پر دستخط

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج انتظامات مزید بہتر بنانے کے اہم معاہدے پر دستخط


عازمین حج کو بہترین سہولیات کی فراہمی، آسان اور آرام دہ سفر یقینی بنانے کے لیے دونوں برادر ممالک کا عزم قابلِ تحسین ہے، وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کی قیادت میں پاکستانی وفد کی عالمی حج ایکسپو میں شرکت


جدہ (خالد نواز چیمہ) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و حج سردار محمد یوسف کی قیادت میں پاکستانی وفد عالمی حج ایکسپو میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے دورے پر ہے۔ اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان رواں سال حج انتظامات کو مزید مؤثر، منظم اور بہتر بنانے کے لیے اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کا بنیادی مقصد پاکستانی عازمین حج کے سفر کو آسان، آرام دہ اور جدید سہولیات سے آراستہ بنانا ہے۔
اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور و حج کے اعلیٰ سطحی وفد نے خالد نواز چیمہ سے ملاقات کی، جس میں حج انتظامات، عازمین حج کو فراہم کی جانے والی سہولیات، پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تعاون اور دونوں برادر ممالک کے تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وفد کے ارکان نے بتایا کہ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح عازمین حج کو بہترین سفری، رہائشی، طبی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی ہے۔ سعودی حکومت کے تعاون سے حج انتظامات کو مزید بہتر بنانے اور حجاج کرام کی مشکلات کم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ عالمی حج ایکسپو میں شرکت بھی اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے، جہاں مختلف شعبوں میں تعاون اور جدید انتظامی سہولیات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر خالد نواز چیمہ نے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف اور وزارت مذہبی امور کی جانب سے عازمین حج کی سہولت کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ یہ مذہبی، تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ رشتوں پر استوار ہیں۔ حرمین شریفین کی سرزمین کے ساتھ پاکستانی عوام کی والہانہ عقیدت دونوں ممالک کو ایک مضبوط رشتے میں جوڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے میں میڈیا اور صحافی برادری کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ مثبت صحافتی کردار کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان دوستی، باہمی اعتماد، کاروباری روابط اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔ پاکستانی میڈیا کو چاہیے کہ وہ پاک سعودی دوستی، سعودی عرب کی ترقی اور پاکستانی کمیونٹی کی مثبت سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں اجاگر کرے۔
وفد کے اعزاز میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک سعودی تعلقات اور مستقبل میں تعاون کے امکانات پر گفتگو جاری رہی۔
ملاقات اور عشائیے میں ڈائریکٹر حج میڈیکل مشن کرنل ڈاکٹر فواد، سیکشن آفیسر حج پالیسی اکرم شفیق، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد الرحمن مارتھ، خالد نواز چیمہ، سیکشن آفیسر حجاج بہبود رانا محمد ناظم خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی جمیل الرحمٰن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر میڈیا محمد عمر بٹ نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان اور سعودی عرب کی ترقی، خوشحالی، باہمی تعلقات کے استحکام، حرمین شریفین کی سلامتی اور تمام عازمین حج کی آسانی، سلامتی اور کامیاب ادائیگی حج کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔