جدہ(خالد نواز چیمہ) پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، پاکستانی تشخص کو سعودی معاشرے میں اجاگر کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان میڈیا و ثقافتی تعاون کے فروغ کے لیے قونصل جنرل پاکستان جدہ سید مصطفی ربانی کی اہم سعودی شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ قونصل جنرل سید مصطفی ربانی نے ہیڈ آف چانسری غلام حسین کے ہمراہ وزارتِ میڈیا، سعودی عرب کی جدہ برانچ کے ڈائریکٹر جنرل عبدالخالق بن عبداللہ الزہرانی سے ایک خوشگوار اور دوستانہ ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک سعودی تعلقات، میڈیا کے ذریعے دونوں برادر ممالک کے درمیان مثبت روابط کے فروغ اور باہمی تعاون کے نئے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
قونصل جنرل سید مصطفی ربانی نے اس موقع پر اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے۔ دونوں ممالک کے ذرائع ابلاغ اور متعلقہ اداروں کے درمیان مضبوط روابط قائم ہوں تو پاکستان کی مثبت سوچ، روشن تشخص، ثقافتی خوبصورتی اور قومی کامیابیوں کو سعودی عوام تک موثر انداز میں پہنچایا جا سکتا ہے۔ اس سے نہ صرف پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوگا بلکہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان محبت اور قربت کے رشتے بھی مزید مستحکم ہوں گے۔سید مصطفی ربانی کی جدہ میں بطور قونصل جنرل سرگرمیاں اس عزم کی عکاس ہیں کہ وہ پاکستان کا روشن اور مثبت چہرہ سعودی معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ ان کی مختلف سعودی سرکاری، سماجی، ثقافتی اور میڈیا شخصیات سے ملاقاتیں سفارتی تعلقات کو عوامی سطح پر مزید مضبوط بنانے کی ایک قابلِ قدر کوشش ہیں۔ ان کا اندازِ سفارت کاری باہمی احترام، دوستانہ روابط اور پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ کو نمایاں کرتا ہے۔ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل میڈیا عبدالخالق بن عبداللہ الزہرانی کے مثبت رویے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور پاک سعودی تعلقات کے فروغ میں دلچسپی کو بھی سراہا گیا۔
ان کے ساتھ دوستانہ اور تعمیری روابط دونوں ممالک کے میڈیا اداروں کے درمیان تعاون کے نئے دروازے کھولنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔اس موقع پر قونصل جنرل سید مصطفی ربانی نے انہیں پاکستان قونصلیٹ جدہ کی خوبصورت اور شاندار عمارت میں آئندہ ہفتے منعقد ہونے والی ایک منفرد ثقافتی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ اس تقریب میں پاکستان اور سعودی عرب کے نامور فنکاروں کے فن پاروں کی نمائش منعقد ہوگی، جس کا مقصد دونوں ممالک کے فن، ثقافت، تہذیب اور باہمی محبت کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اجاگر کرنا ہے۔یہ نمائش دونوں برادر ممالک کے فنکاروں کو ایک دوسرے کے فن اور تخلیقی صلاحیتوں سے متعارف کرانے کا اہم موقع فراہم کرے گی۔ تقریب میں سینکڑوں پاکستانیوں، ان کے اہلِ خانہ اور سعودی معاشرے کی ممتاز شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔بلاشبہ قونصل جنرل سید مصطفی ربانی اور ان کی ٹیم کی یہ کاوشیں پاکستان کی سفارتی، ثقافتی اور سماجی شناخت کو مزید نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ ایسی تقریبات اور ملاقاتیں محض رسمی سرگرمیاں نہیں بلکہ دو برادر ممالک کے عوام کے دلوں کو قریب لانے، باہمی اعتماد بڑھانے اور پاکستان کی مثبت پہچان کو فروغ دینے کا موثر ذریعہ ہیں۔
