ہومپاکستانشیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر نہ برسائیں، مسلم لیگ (ق)کا مریم نواز کے بیان پر ردعمل

شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر نہ برسائیں، مسلم لیگ (ق)کا مریم نواز کے بیان پر ردعمل

لاہور (سب نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ق)نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنا لہجہ درست کریں اور یہ بات یاد رکھیں کہ اقتدار ہمیشہ قائم نہیں رہتا۔
مسلم لیگ(ق)کے ترجمان غلام مصطفی ملک نے مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ غرور اور تکبر صرف اللہ تعالی کے لیے ہے، آپ کی گفتگو غرور اور تکبر سے بھری ہوئی ہے، اس لیے اپنے لہجے پر نظرثانی کریں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ اقتدار کو ہمیشہ دوام حاصل نہیں رہتا۔ اگر وہ نوٹس دیں گی تو انہیں جواب بھی ملے گا۔غلام مصطفی ملک نے کہا کہ مسلم لیگ (ق)حکومت کی اتحادی جماعت ہے، لیکن کیا وزیراعلی پنجاب یہ چاہتی ہیں کہ ان کے کسی غلط اقدام پر بھی اتحادی خاموش رہیں؟۔
ترجمان مسلم لیگ (ق)نے کہا کہ مریم نواز کو یاد دلانے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے کہ چوہدری سالک حسین کی قربانی کی بدولت ہی آج وہ وزیراعلی پنجاب کے منصب پر فائز ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز شاید یہ بھی بھول رہی ہیں کہ یہ وہی چوہدری سالک حسین ہیں جن کی وجہ سے ان کے چچا وزیراعظم بنے تھے۔غلام مصطفی ملک کے مطابق چوہدری سالک حسین کے والد چوہدری شجاعت حسین کی قربانیوں کی بدولت ہی آج مسلم لیگ (ن) اقتدار میں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقتدار چوہدری شجاعت حسین نے دیگر اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر مسلم لیگ (ن)کو سونپا تھا۔
غلام مصطفی ملک نے کہا کہ مریم نواز کو اس بات پر شکر ادا کرنا چاہیے کہ 2023 میں مسلم لیگ (ق)کا معاہدہ کسی وجہ سے پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکا۔انہوں نے دعوی کیا کہ اگر وہ معاہدہ مکمل ہوجاتا تو آج نہ مریم نواز وزیراعلی پنجاب ہوتیں اور نہ ہی ان کی بقول ترجمان طبلہ نواز بخاری صاحبہ وزیر ہوتیں۔ترجمان مسلم لیگ (ق)نے کہا کہ عزت دینے سے ہی عزت ملتی ہے، اس لیے شیشے کے گھر میں بیٹھ کر دوسروں پر پتھر نہیں برسانے چاہییں۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ق)نے ہمیشہ مریم نواز کے اچھے اقدامات کی تعریف کی، لیکن انہیں اتحادی جماعت کی جانب سے معمولی سا گلہ بھی برداشت نہیں ہوا۔غلام مصطفی ملک نے وزیراعلی پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں معلوم نہیں کہ اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر کیسے چلا جاتا ہے تو وہ اپنے کسی انکل سے اس بارے میں رہنمائی حاصل کر سکتی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔