ہومپاکستانسابق سینیٹر مشتاق احمد سے اہلیہ کا خلع، فیملی کورٹ نے ڈگری جاری کر دی

سابق سینیٹر مشتاق احمد سے اہلیہ کا خلع، فیملی کورٹ نے ڈگری جاری کر دی

اسلام آباد (سب نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ(فیملی کورٹ)نے جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد کی اہلیہ حمیرا طیبہ کے حق میں خلع کی ڈگری جاری کر دی ہے۔فیملی کورٹ کی جج عنبرین اقبال نے کیس کی سماعت کے بعد دونوں کے درمیان نکاح خلع کی بنیاد پر ختم کرنے کا باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں موقف اختیار کیا کہ فریقین کے درمیان مصالحت اور صلح کی تمام تر کوششیں ناکام ہونے کے بعد قانون کے مطابق خلع کی ڈگری جاری کی گئی۔عدالت کا کہنا ہے کہ خاتون شوہر کے ساتھ مزید ازدواجی زندگی گزارنے پر کسی صورت آمادہ نہیں تھیں۔ انہوں نے اپنے بیانِ حلفی میں شوہر سے شدید نفرت اور مزید ساتھ نہ رہنے کے فیصلے کا واضح اظہار کیا تھا۔
خلع کی بنیاد پر نکاح ختم ہونے کے بعد، حق مہر کے حوالے سے دونوں فریقین کا ایک دوسرے پر کسی قسم کا کوئی مالی دعوی باقی نہیں رہا۔بچوں کے نان و نفقہ، غیر شادی شدہ بیٹیوں کے اخراجات اور دیگر مطالبات سے متعلق باقی دعوی کو واپس لیے جانے کی بنیاد پر عدالت نے خارج کر دیا ہے۔
فیملی کورٹ نے قانونی کارروائی کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے خلع کی ڈگری کی مصدقہ نقل سابق سینیٹر مشتاق احمد اور متعلقہ یونین کونسل کو فوری ارسال کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ حتمی نفاذ عمل میں لایا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔