اسلام آباد(سب نیوز) ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد کے جعلی اپوسٹل اسٹیکرز اور مبینہ رشوت ستانی سے متعلق مقدمہ نمبر 48/2026 میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 26 اکتوبر 2026 کے مقدمے میں نامزد 7 ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کر دیں۔
ضمانتیں منسوخ ہونے والے ملزمان کے نام درج ذیل ہیں:
- راجہ سعید خان — ایکسیلنٹ کورئیر سروس (ECS)
- سمیع اللہ — وزارتِ خارجہ (MOFA)
- فاران اشفاق۔— سوفی کنسلٹنٹس
- نجیب اللہ — سوفی کنسلٹنٹس
- اظہر اللہ — سوفی کنسلٹنٹس
- وقار زمان — سوفی کنسلٹنٹس
- رفیع اللہ — ٹورسٹک پرائیویٹ لمیٹڈ (Touristic Pvt. Ltd.)
ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون کی ہدایات پر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے ایف اینڈ ایف پلازہ، آبپارہ، اسلام آباد میں قائم کنسلٹنسی اور کورئیر دفاتر پر کارروائی کی تھی، جس کے دوران جعلی اپوسٹل اسٹیکرز، سرکاری مہروں اور دستاویزات کی تیاری، ترسیل اور استعمال سے متعلق مبینہ نیٹ ورک کا انکشاف ہوا تھا۔
اس معاملے میں 22 ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 48/2026، بجرم دفعات 420، 468، 471 اور 109 تعزیراتِ پاکستان، بمعہ دفعہ 5(2) پریونشن آف کرپشن ایکٹ 1947، درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں 16 نجی افراد اور وزارتِ خارجہ کے 6 افسران و اہلکار نامزد ہیں۔
تحقیقات کے مطابق، ملزمان پر اپوسٹل اور دستاویزات کی تصدیق کا عمل تیز کروانے کے نام پر شہریوں سے رقوم وصول کرنے اور وزارتِ خارجہ کے بعض اہلکاروں کو مبینہ طور پر رشوت دینے کے الزامات ہیں۔ جعلی اپوسٹل اسٹیکرز کی گردش بھی مقدمے کی تفتیش کا اہم پہلو ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے 7 ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کیے جانے کے بعد مقدمے میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ مقدمے کی تفتیش انسپکٹر ارسلان مسعود خان کر رہے ہیں۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن اسلام آباد زون سرکاری اداروں میں بدعنوانی، جعلسازی اور دھوکہ دہی میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کے لیے پُرعزم ہے۔
